پولیس اور قانون شکنوں کا میچ ،جیت ہمیشہ قانون کی ہی ہوتی ہے،ڈی پی او اٹک
اٹک( ڈیلی اٹک نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون شکنوں کا میچ جیت ہمیشہ قانون کی ہی ہوتی ہے،یہ میچ کبھی ٹی20کبھی ون ڈے تو کبھی ٹیسٹ میچ بھی بن جاتاہے
،میچ کی شکل کوئی بھی ہو جیتنا قانون نے ہی ہوتا ہے کیوں کہ قانون سب سے زیادہ طاقتور ہے قانون سے طاقتور کوئی نہیں،عوام کی غالب اکثریت قانون پسند ہے لہٰذا وہ قانون شکنوں کے خلاف میچ میں ہمیشہ پولیس کو ہی سپورٹ کرتے ہیں،ہمیں قانون پسند عوام کے ساتھ مل کر قانون شکنوں کو ہر قسم کے میچ میں شکست ہی نہیں شکست فاش دینا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈی پی او اٹک نے کہا کہ اٹک ضلع دو صوبوں کی سرحد پر ہونے کی وجہ سے انتہائی حساس ہے،ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں آمدورفت کی وجہ سے کئی قانون شکن مختلف شکلوں میں داخل ہو کر سنگین ترین قانون شکنیوں سے معاشرے کے امن کو تباہ کر دیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈکیتی،قتل،منشیات سمیت دیگر سنگین وارداتوں کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے میں خود اس کی نگرانی کروں گا روزانہ کی بنیاد پر تمام تھانوں سے پراگرس رپورٹ لی جائے گی،ڈی پی او نے کہا کہ ہر قسم کی قانون شکنی میں کوئی نہ کوئی سہولت کار ضرور ملوث ہوتا ہے کیوں کہ سہولت کاروں کے بغیر کوئی جرم سرزد ہو ہی نہیں سکتا،پولیس قانون شکنوں کے سہولت کاروں کا پتہ لگائے،قانون شکنوں کو کسی بھی حوالے سے سہولت فراہم کرنے والوں کے چہروں پر پڑے مصنوعی نقاب الٹ کر انہیں معاشرے کے سامنے بے نقاب کیا جائے،ڈی پی او نے کہا کہ قانون شکنوں کی سہولت کاری کرنے والے بھی ملزمان کے جرم بھی برابر کے شریک ہیں۔لہٰذا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے قانون شکنی کرنے والوں کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔