کورونا وائرس، پی ایس ایل میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے کراچی میں ہونے والے میچز کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے کہ میچز بغیر شائقین کے خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں آج ہونے والے میچ میں تو شائقین موجود ہیں تاہم کل اور دیگر میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ہم میچز کروا رہے ہیں، مزید رسک نہیں لے سکتے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات کرکے عملدرآمد کروائیں۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو اسٹیڈٰم میں آج کے انتظامات کے حوالے سے بریف کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے صرف آج کراچی اور لاہور قلندرز کے درمیان نیشنل اسٹیڈٰیم میں ہونے والے میچ میں شائقین کو جانے کی اجازت دی ہے، کل اسٹیڈیم میں میچ ہوگا لیکن شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ آج ہونے والے میچ کے علاوہ مزید 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے ہیں۔

خیال رہے کہ آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ جن میں سے سندھ میں 15 (14 کراچی ایک حیدرآباد)،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔