ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی کارکردگی مثالی، متوقع تبدیلی سیاسی ہو گی

ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی کارکردگی مثالی، متوقع تبدیلی سیاسی ہو گی

اسلام آباد(تجزیہ: صدیق فخر/ ڈیلی اٹک نیوز) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی کارکردگی مثالی، متوقع تبدیلی سیاسی ہو گی

تفصیلات کے مطابق کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی ہے جس میں صوبہ پنجاب کے مختلف افسران کی کارکردگی بہتر نہ ہونے کی وجہ سے تبدیلی کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جس میں ضلع اٹک کےڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کا نام بھی شامل ہے لیکن اگر ضلع اٹک میں انتظامیہ معاملات اور اقدامات کے حوالے سے نظر دوڑائی تو حقیقت اس کے بالکل برعکس نظر آتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک کی کارکردگی مثالی ہے انہوں نے پہلی دفعہ دور دراز کی تحصیلوں میں اپنا کیمپ آفس بنایا اور ہفتہ میں ایک دن مختص کیا اورہرہفتہ کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا۔وہ سائلین جو ضلعی آفس تک نہ پہنچ سکتے تھے حقیقی معنوں میں ان کی دہلیز پر مسائل کے حل کیلئے کیمپ آفس بنانا ایک اہم پیش رفت تھی۔

عوام کے مسائل حل کرنے میں بھی رکاوٹیں حکومتی جماعت کی طرف سے ہی سامنے آتی رہیں کیونکہ ضلع اٹک میں حکمران جماعت کئی گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ایک گروپ کے ترقیاتی کاموں کو دوسرا گروپ رکوانے کیلئے کوشاں رہتا ہے جبکہ اگر کسی ایک گروپ کی طرف سے کام ہو رہا ہوتا ہے تو دوسرے گروپ کی طرف سے سوشل پر شدید تنقید کی جا رہی ہوتی ہے۔

 مہک وائرس کورونا کے حوالے سے بھی ان کے اقدامات بہترین رہے جس کی وجہ سے ضلع اٹک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کنٹرول میں رہی اور عوام کو بھی لاک ڈائون جیسی صورتحال میں ان مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑا جو بعض دیگر شہروں میں سامنے آئے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بھی انہوں نے اپنی طرف سے بہترین اقدامات کئے اور جرمانے بھی کئے گئے۔ اگر دیکھا جائے تو ضلعی انتظامیہ کے حوالے سے ان کی کارکردگی بہترین اور مثالی رہی۔ 

ذرائع کے مطابق ان کی اگر ضلع اٹک سے تبدیلی کی گئی تو وہ کارکردگی کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاسی تبدیلی ہو گی کیونکہ بہت سے ایسے معاملات سامنے آئے ہیں کہ جن پر ڈپٹی کمشنراٹک نے بلا تفریق ایکشن لیا جن میں حکومتی پارٹی سے بھی تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں جس پر بعد میں کچھ شخصیات نے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا اور ضلعی انتظامیہ کے معاملات میں مداخلت بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر ایک عوامی آفیسر ہیں جو اپنے انتظامیہ معاملات پوری دیانتداری اور ذمہ داری سےسرانجام دے رہے ہیں اگر ان کی ضلع اٹک سے تبدیلی کی گئی تو وہ حقیقت میں سیاسی تبدیلی ہو گی ۔