اٹک، دوران حادثہ شہید ہونیوالے موٹروے پولیس اہلکار سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک
حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز ) اٹک کے علاقہ برہان کے مقام پر فرائض کی انجام دہی کے دوران حادثہ کا شکار ہونے والے موٹروے پولیس افسران کو سرکاری اعزاز کے ساتھ اپنے اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا
تفصیلات کے مطابق موٹر وے ایم ون، برہان کے قریب ایک گاڑی، ٹائر پھٹنے کی وجہ سے سڑک کے درمیان میں رکھی ہوئی تھی جس کی مدد کے لیے موٹروے پولیس افسران موقع پر پہنچے اور اس کی مدد کرنے میں مصروف ہو گئے اسی دوران پیچھے کی جانب سے غفلت لاپروائی سے آنے والی ایک اور گاڑی بے قابو ہوکر حفاظتی کانوں کو کچلتے ہوئے موٹروے پولیس افسران سے ٹکرائی حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں انسپکٹر امجد علی موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
جبکہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل اخترعلی اور مدد فراہم کی جانے والی گاڑی میں سے ایک بچہ ارسلان پمز ہسپتال اسلام آباد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے سب انسپکٹر وحیداللہ اور حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کا ڈرائیور ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد،سیکٹر کمانڈر ایم ون شاہ اسد خان اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
شہادت پانے والے انسپکٹر امجد علی کو ان کے آبائی علاقہ یونان چماٹی،مانسہرہ اور ہیڈ کانسٹیبل اختر علی کو چارباغ سوات میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایم ٹو (نارتھ) سلمان علی خان،سیکٹر کمانڈر ایم ون، شاہ اسد خان، موٹروے پولیس کے دیگر افسران اور اہل علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔