حکومت میرپور کو انٹرنیشنل سیاحت کا مرکز بنائے گی،چوہدری سعید

میرپور(بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدری محمدسعید نے کہاہے کہ میرپورشہرکوایشیاء کاخوبصورت شہربنایاجائے گا ۔ منگلا سے میرپور تک ڈبل روڈ کی تکمیل ۔منگلابیوٹی فیکشن ، سولرلائٹس کی تنصیب اور روڈسائیڈ خوبصورت پوداجات لگائے جائیں گے تاکہ بیرون ممالک اور اندرون پاکستان سے میرپورآنے والے انٹری پوائنٹس سے لیکرشہرکی خوبصورتی اورصفائی ستھرائی سے محظوظ ہوسکیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت خطہ کی تعمیروترقی اوربالخصوص میرپورکوانٹرنیشنل سیاحت کامرکز بنائے گی۔ اس سلسلہ میں واپڈا کے متعلق جملہ امورکی جلد تکمیل ہونی چاہیے، وہ منگلا کے مقام پرڈائریکٹرواپڈا انصروڑائچ کے ہمراہ منگلابیوٹی فیکشن، سولرلائٹس کی تنصیب، منگلا میرپورروڈ کامعائنہ کے بعد بات چیت کررہے تھے۔ ڈائریکٹرواپڈا انصروڑائچ نے واپڈا کے متعلق جملہ زیرتکمیل منصوبہ جات کی تکمیل کی یقین دھانی کروائی۔
وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدر ی محمدسعید نے اس موقع پرکہاکہ میرپوراوورسیز کاشہر ہے۔ بیرون ممالک سے آنے والے جب منگلا انٹری پوائنٹ پرپہنچتے ہیں تو ہماری سڑکات کاکوئی حال نہیں ہے جس سے منفی اثرات پڑتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے میرپورکوخوبصورت اور صاف ستھرا شہربنانے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔ ہم نے پہلے مرحلے پرمیرپور شہرسے گندگی صاف کردی ہے ۔ گھرگھرڈسٹ بن سروس بھی مہیا کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ کے تحت میرپور پاکستان کاآٹھواں صنعتی زون بنے گا جس کی معاشی واقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور خطہ سے بے روزگاری کاخاتمہ ہوگا۔ سی پیک منصوبہ کے تحت بننے والی مانسہرہ مظفرآباد، میرپورروڈ سے میرپورکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔