حکومت وفاق سے کشمیریوں کے حقوق لینے میں ناکام ہو چکی،بیرسٹر سلطان

میرپور(بیورورپورٹ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار موجودہ حکومت نہ صرف آزاد کشمیر کا ریاستی تشخص ملیامیٹ کر رہی ہے۔ بلکہ وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے وفاق سے حقوق مانگنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے لوگوں کے ساتھ ناانصافیاں ظلم زیادتیاں اب مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔ میرپور کے لوگوں پر دوہرے رینٹل پراپرٹی ٹیکس اور بلدیہ کے نئے ٹیکسز مسلط کر کے  لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ہم انہیں مسترد کرتے ہیں میرپور کے باضمیر با شعور لوگ اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں جلد میرپور پی ٹی آئی کی مرکزی اور اس کی ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی مکمل کر لی جائے گی۔ جس کے لیے مشاورت جاری ہے ۔متحرک کارکنوں کو مستقبل میں پارٹی کی اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ۔پیپلز پارٹی کی اصل لیڈرشپ ختم ہو چکی شہید بے نظیر بھٹو کی جگہ اب عمران خان نے لے لی ہے۔ آج جو لوگ پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہوئے ہیں وہ سمجھیں اپنے ہی گھر میں آئے ہیں۔ بلوچستان کے بعد پنجاب اور آزاد کشمیر سے بھی مسلم لیگ ن کی حکومتوں کا خاتمہ ہونے کو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میرپور میں ایف تھری چونگی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک بشارت ،چوہدری احسان الحق، ملک شیراز ،ملک عزیز ، ملک اسامہ، چوہدری عمران نے پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت پر لبیک کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر مرکزی انجمن تاجراں کے صدر راجہ خالد ممتاز اوورسیز راہنما شیخ ارشد برقی ملک بشارت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملک بشارت ،چوہدری احسان الحق، ملک شیراز ،ملک عزیز ، ملک اسامہ، چوہدری عمران سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے کارکنوں کو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔نئے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پی ٹی آئی میں ان کو جائز مقام دیا جائے گا۔