میرپور میں پراپرٹی ٹیکس کیخلاف احتجاج بھوک ہڑتال کا اعلان

میرپور (بیورورپورٹ)آزادکشمیر کے عوام پر لگائے گئے ظالمانہ جابرانہ دوہرے رینٹل پراپرٹی ٹیکس کیخلاف میرپور کی سیاسی جماعتوں ،انجمن تاجراں ،ڈسٹرکٹ بار میرپور ،سول سوسائٹی اور میرپور کی ممتاز شخصیات نے چوک شہیدان میں عوامی بھوک ہڑتال کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اہلیان میرپور اور اہلیان کشمیر پر ظالمانہ اور جابرانہ ٹیکس ختم نہیں ہو جاتے میرپور کے عوام حکومت آزادکشمیر کیخلاف ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے جلسے اور تحریک جاری رکھیںگے ۔ان خیالات کا اظہار انجمن تاجراں کے صدر راجہ خالد محمود ،پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر اعجاز احمد میر ،پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا ،صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی طارق محمود ،سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق مرکزی صدر محمد رمضان چغتائی ،صدر انجمن تاجراں سہیل شجاع مجاہد ،صدر چوک شہیدں واجد رسول میر ،آصف بٹ ،مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما شکور مغل ،تحریک انصاف آزادکشمیر کے رہنما فیاض بٹ ،ڈسٹرکٹ بار میرپور کے صدر شبیر شریف ایڈووکیٹ ،جموں وکشمیر ورکرزپارٹی کے خاور شریف ایڈووکیٹ ،غلام جیلانی نے خطاب کیا ۔میرپورکے سینئر صحافیوں چوہدری خالدانجم ،کامران عابد بخاری ،سید سجاد بخاری ،سجاد خانپوری ،ظہور رشید ،ہمایوں بیگ و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پاپا پرویز بابائے انجمن تاجراں ،ملک بشارت ،مرکزی سیکرٹری جنرل انجمن تاجراں قاضی ارشد ،سیٹھی ریاض ،حاجی نذیر جنجوعہ ،خواجہ طاہر پہلوان ،راشد اقبال زرگر ،عامر افتخار میر ،سجاد الرحمن میر ،حسن میر ،خلیل میر ،چوہدری محمد اقبال ،حاجی محمد یونس ،ارشد کامران زرگر ،راجہ رزاق ریٹائرڈ ڈی آئی جی جیل خانہ جات شاہد کھٹانہ ،خضر حیات صدر پیرا شاہ غازی مارکیٹ ،چوہدری مدثر ایڈووکیٹ کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور کے عوام پر لگائے گئے رینٹل پراپرٹی ٹیکس کو کسی صورت نہیں لگنے دیں گے حکومت آزادکشمیر میرپور عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے جب تک دوہرے رینٹل پراپرٹی ٹیکس کو ختم نہیں کیا جاتا تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ جابرانہ ٹیکس کا نفاذحکمرانوں کا ظالمانہ فیصلہ ہے اسمبلی کو فی الفور اس بل کو منسوخ کرنا چاہیے آزاد خطہ کے عوام ہر چیز پر ٹیکس ادا کر رہے ہیں جبکہ جائیداد کی خریداری پر ٹیکس ادا کیاجاتا ہے لیکن حکومت نے کاروباری افراد سمیت ایک عام شہری کو بھی اس ٹیکس کے نفاذ سے شدید طریقہ سے متاثر کیا ہے اس فیصلہ کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیاجاسکتا جو عوام کی منشاء اور مرضی کیخلاف ۔ انہوںنے کہا کہ پراپرٹی  ٹیکس وصولی سے حکمران  اور مراعات یافتہ طبقات کیلئے بیرون ملک دورے ، پرتعیش گاڑیوں کی خریداری اور سرکاری علاج کے نام پر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے کا ایک ذریعہ بناجارہا ہے میرپور کے عوام ایسے کسی بھی فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں جو عوام کے مفادات کیخلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی پر ٹیکس عائد کرنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا جس سے غریب اور متوسط طبقہ اس مہنگی میں دور میں سب سے زیادہ متاثر ہوگا ہمارے صبر کا امتحان لیاجارہا ہے اگر اس فیصلہ کو فوری طورپر واپس کرنے کے احکامات جاری نہ کیے گئے تو سخت مزاحمت پیش کرینگے ۔