اقتدار کا سال مکمل ،اٹک میں بھی حکومتی جماعت کی کارکردگی صفر رہی

اٹک(صدیق فخر سے) تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل، ملک کی طرح ضلع اٹک میں تحریک انصاف کی کارکردگی صفر رہی، حکومتی ممبران اسمبلی و معاونین گروپ بندیوں میں تقسیم، کھلی کچہریاں فوٹو سیشن تک محدود، عوام کے مسائل نہ حل ہو سکے،حکومتی جماعت کے کئی مرکزی رہنما منظر سے غائب، تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا،اس ایک سال میں ملک بھر کی طرح ضلع اٹک میں بھی حکومت کی کارکردگی صفر رہی، تحریک انصاف کے کچھ ممبران اسمبلی کوتو دیوار سے لگا دیا گیا جبکہ جو عہدوں پر براجمان ہوئے وہ بھی علاقے کیلئے کچھ حاصل نہ کر سکے، وفاق اور پنجاب حکومت میں اٹک سے عہدوں پر مضبوط گرفت ہونے کے باوجود عوام کے مسائل حل نہ ہو سکے۔ اکثر رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کے شروع کئے گئے گزشتہ منصوبوں کا افتتاح کر کے عوام میں پذیرائی حاصل کرنی کی ناکام کوشش کی لیکن عوام متعلقہ کام عوام کے پہلے ہی علم میں ہونے کی وجہ سے خاطر خواہ رزلٹ حاصل نہ کر سکے۔مختلف تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جس کے انعقاد کیلئے خرچہ تو کیا گیا لیکن اس خرچے کے برابر بھی عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ کھلی کچہریاں عوام کے مسائل سننے اور فوٹو سیشن تک محدود رہیں۔ہیلتھ کارڈ پر فوٹو سیشن کچھ مہینوں سے حلقے میں پوری طرح چھائے ہوئے ہیں جس میں مستحقین کی طرف سے بہت سی شکایات سامنے آئی ہیں کہ حق دار کو تو صحت سہولت کارڈ نہ مل سکا لیکن ذرائع کے مطابق بیرون ملک رہنے والوں کے بھی کارڈ بن کر آ گئے اور صاحب حیثیت لوگوں کو اس سے مستفید کر دیا گیا۔ اس سال میں سب سے بڑا ایونٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزردار کی اٹک آمد رہا لیکن آپس کے اختلافات کی وجہ سے حکومتی پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہی ایک دوسرےکی ٹانگیں کھینچتی اور نعرے لگاتی رہ گئیں اور وزیراعلیٰ بغیر کچھ دیئے مطمئن اور خوش ہو کر واپس چلے گئے ۔اٹک میں حکومتی جماعت کئی گروپوں میں تقسیم نظر آتی ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل حل کی بجائے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ وفاق میں اٹک کو معاون وزیراعظم کے دو عہدوں پر نمائندگی حاصل ہے جس میں ملک امین اسلم کو معاون خصوصی وزیراعظم ماحولیات جبکہ زلفی بخاری معاون خصوصی وزیراعظم اووسیز تعینات ہیں جبکہ پنجاب میں حکومتی جماعت کی طرف سے دو ایم پی ایز ، کرنل (ر) ملک محمد انور کو صوبائی وزارت ریونیو دی گئی ہے جبکہ ایم پی اے سید یاور بخاری کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب بنایا گیا ہے۔ وفاق اور پنجاب کی حکومتوں میں مضبوط نمائندگی کے باوجود ضلع اٹک کیلئے تاحال کوئی قابل ذکر پروجیکٹ شروع نہ ہو سکا۔ اہلیان علاقہ نے تمام حکومتی نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عہدوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی طرح اپنے اپنے علاقے میں ترقیاتی کام کروائیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں اور انہیں ریلیف مل سکے۔ دوسری طرف اپوزیشن ایک ایم این اے اور دو ایم پی اے اپوزیشن میں ہونے کے باوجود اسمبلی میں مسائل کیلئے آواز بلند کر چکے ہیں اور عوام کا کہنا ہے کہ ہم ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ جب حکومت اپنے نمائندوں کو فنڈ نہیں دے رہی تو اپوزیشن کو دینا تو ناممکن ہے لیکن انہوں نے عوام کے مسائل کو اسمبلی کے پلیٹ فارم پر آواز بلند کر کے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔