عوامی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، کرنل(ر) ملک انور

عوامی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، کرنل(ر) ملک انور

میونسپل کمیٹی پنڈی گھیب میں کھلی کچہری،ڈی سی اٹک علی عنان قمر، اے سی پنڈگھیب حیدر عباس،ایس ڈی پی او ملک تفسیر حسین اور تمام محکموں کے متعلقہ افسران بھی موجو دتھے

پنڈی گھیب(فیصل منیر/ڈیلی اٹک نیوز) صوبائی وزیرمال پنجاب ملک محمد انور خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی پنڈ گھیب میں کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، اسسٹنٹ کمشنر پنڈگھیب حیدر عباس،ایس ڈی پی او ملک تفسیر حسین اور تمام محکموں کے متعلقہ افسران بھی موجو دتھے۔ملک محمد انور نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک کی عوام کے مسائل حل کر نے کے لیے ہر ممکن کاوشیں کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں تمام سر کاری افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔کلین اینڈ گر ین مہم کا آغاز یکم جنوری سے کر دیا گیا ہے

 

 اور اس سلسلے میں ضلع بھر کو صاف کیا جارہا ہے۔ 15 فروری سے شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر سے تجاوزات کا خاتمہ جاری ہے اور یہ آپر یشن اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کر نے تک بلا امتیاز جاری رہے گا۔ریونیو سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر یں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔اس کے علاوہ دیگر محکموں کی کار کر دگی کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیزپر حل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کھلی کچہریاں باقاعدگی سے ضلع بھر میں منعقد کی جارہی ہیں۔صوبائی وزیرمال پنجاب ملک محمد انور خان اورڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کھلی کچہری میں عوامی مسائل بغور سنے اور موقع پر ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔بعد ازاں شجر کاری مہم کے حوالے سے پودے بھی لگائے گئے۔