پنڈی گھیب شہر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقاریب و ریلیوں کا انعقاد
پنڈی گھیب شہر میں اسسٹنٹ کمشنر حیدر عباس ،پاکستان عوامی تحریک اورسنی تحریک کے مقامی راہنماوٗں کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں
پنڈی گھیب (ڈیلی اٹک نیوز) اب کشمیر کو بزور بازو آزاد کرانا ہوگا کشمیر کی آزادی کیلئے پاک فوج قدم بڑھائے تو ہمارے ایک لاکھ ورکرز ان کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے جائیں گے ۔ پنڈی گھیب شہر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر اورمختلف مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں اس دوران تمام مارکیٹیں کھلی ر ہیں اور عوام الناس اپنے روز مرہ معمولات میںمصروف رہے ، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پنڈی گھیب شہر میں اسسٹنٹ کمشنر حیدر عباس ،پاکستان عوامی تحریک اورسنی تحریک کے مقامی راہنماوٗں کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں۔
جن میں اساتذہ، طلبا اور تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی یہ ریلیاں کمیٹی چوک پر پہنچ کر جلسہ کی صورت اختیار کر گئیں جس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حیدر عباس، عوامی تحریک کے ضلعی صدر ملک عبد الوحید، نائب صدر محمد یعقوب، تحصیل صدر چوہدری عبد المجید، جنرل سیکرٹری تنویر حسین اعوان، کشمیری راہنماء چوہدری ساجد محمود، سیاسی راہنما عطاء المصطفیٰ جمیل، سنی تحریک راولپنڈی کے راہنماء پیر محمد عمران نظامی، علامہ فدا حسین چشتی ، ضلعی صدر غلام جیلانی اور تحصیل صدر شکیل چشتی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارت کی غاصب حکومت کے مظالم پر دنیا کی خاموشی قابل مذمت ہے مودی کی فاشسٹ حکومت نے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر دیے ہیں اب کشمیر کو بزور بازو آزاد کرانا ہوگا کشمیر کی آزادی کیلئے پاک فوج قدم بڑھائے تو ہمارے ایک لاکھ ورکرز ان کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے جائیں گے ۔