حکومتی پالیسیوں کے باعث 16 ہزار پرائیویٹ سکول بند ہو چکے ہیں ،ملک ابرار 

حکومتی پالیسیوں کے باعث 16 ہزار پرائیویٹ سکول بند ہو چکے ہیں ،ملک ابرار 

پرائیویٹ سکولز 26 مختلف قسم کے ٹیکس عائد ہونے کے باوجود تعلیمی خدمات کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن راولپنڈی ڈویژن

پنڈی گھیب (ڈیلی اٹک نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابراراحمد خان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولز 26 مختلف قسم کے ٹیکس عائد ہونے کے باوجود تعلیمی خدمات کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ حکومت کی سخت پالیسیوں کے باعث 16 ہزار سکول بند ہو چکے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اٹک اور تحصیل پنڈی گھیب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

 اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر کرنل ر ملک محمد انور خان، اوپن یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر توقیر احمد ملک،ریجنل ڈاریکٹر ڈاکٹر امان اللہ ملک، ڈپٹی ڈاریکٹر کالجز عثمان صدیقی، جنرل سیکرٹری میڈم سائرہ یاسمین ، منتخب کابینہ اور شاہد لطیف سمیت تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے شرح خواندگی میں ہم 116 ویں نمبر پر ہیں جبکہ دو کروڑ 30 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں دوسری طرف عالمی معیار کے برعکس ہمارے ملک میں تعلیمی سال کے دوران صرف 110 دن طلبہ کی پڑھائی ہوتی ہے۔