تبدیلی سرکار اور مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، ملک ریاست سدریال

تبدیلی سرکار اور مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، ملک ریاست سدریال

فتح جنگ/ پنڈی گھیب (ڈیلی اٹک نیوز) مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ تبدیلی کے خواہشمند عوام عمران خان کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے آٹھ آٹھ آنسو رونے پر مجبور ہیں۔

 غریب کیلئے دو وقت کی روٹی ممکن نہیں رہی۔ لوگ آج بھی میاں نواز شریف کا دور یاد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار رہنما مسلم لیگ ن و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک ریاست علی سدریال نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ان کا دو لاکھ روپے میں گذارا نہیں ہوتا پھر وہ یہ خود بتائیں کہ لوگ 15ہزار روپے میں کیسے گزارا کریں، آٹا ، چینی، گھی، دالیں ہر چیز کی قیمت آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے۔ خوشحالی کے دعوے دار بازاروں میں جا کر اشیاء کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیں تاکہ آپ کو اندازہ ہو کہ مہنگائی کس طرح عوام کامعاشی قتل عام کیا جارہا ہے پاکستان اس وقت سخت مشکلات کا شکار ہے جس کی سب سے بڑی وجہ معیشت کی تنزلی اور مہنگائی میں اضافہ ہے حکومت کی جانب سے 22کروڑ کی آبادی کے لیے 6ماہ میں 10ارپ روپے کا ریلیف پیکج صرف غریبوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ ن لیگ کی حکومت میں حالات بہتر سے بہترین کے سفر پر گامزن تھے پھر اچانک ایسا کیا ہو گیا کہ اربوں ڈالر قرضے لینے کے باوجود, سینکڑوں ٹیکس عائد کرنے کے بعد بھی مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا۔

 

آئی ایم ایف سے قرضے تو ہر حکومت لیتی ہے امریکہ جیسا ملک آئی ایم ایف کا مقروض ہے لیکن کیا وہ بھی آپ کی طرح اپنے ملک میں مہنگائی اور ٹیکس کی پالیسی آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بناتے ہیں آپ نے تو خزانہ،سٹیٹ بنک،ایف بی آر سمیت اہم مالیاتی اداروں پر تعیناتی ہی آئی ایم ایف کی سفارش پر کر رکھی ہے۔عوام مہنگائی کے ہاتھوں رو رہے ہیں اور آپ کے وزراء اور مشیروں کی فوج ملکی وسائل کو سفید ہاتھی کی طرح کھا رہے ہیں جن کا کام صرف دو خاندانوں کے خلاف زہر افشانی کرنا ہے۔ن لیگ کے دور میں چینی باون روپے کی تھی آج اسی روپے فی کلو پہنچ گئی ہے آخر ایسی کیا وجہ بنی کے فی کلو کے ساتھ تیس روپے کا اضافہ کیا گیا۔اب لوڈنگ کے قوانین میں ترامیم کر کے اٹھائیس ٹن کو چودہ ٹن کر دیا گیا  جس سے چیزوں کی منتقلی کے کرائے دوگنا ہو جائیں گے اور اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں مزید اضافہ ہو گا۔آج تک کوئی ایک بھی ایسا اقدام نہیں یا کوئی ایک بھی ایسا میگا پروجیکٹ نہیں جو موجودہ حکومت نے شروع کیا ہو جس سے عوام کو بہتری کی امید لگی ہو مسلم لیگ ن کی حکومت پر عوام دشمنی کے الزامات عائد کرنے والے بتائیں کہ انہوں نے عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔