اپوزیشن وزیراعظم کی دعوت کا مثبت جواب دے:وزرائ

مظفرآباد(وقائع نگار) وزرا حکومت بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، ڈاکٹر نجیب نقی ، چوہدری محمد سعید، محترمہ نورین عارف، سردار میر اکبر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی طرف سے مسئلہ کشمیر سے متعلق بیس کیمپ کی حکومت کے کردار کے تعین کے لیے آزاد کشمیر کی جملہ سیاسی جماعتوں سے تجاویز کی طلبی پر حکومت جملہ سیاسی جماعتوں سے مثبت طرز عمل کی متمنی ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تحریک آزادی کشمیر کے وسیع تر تناظر میں ساری سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی دعوت دی ہے جس کا اپوزیشن سمیت ساری جماعتوں کو مثبت جواب دیناچاہئے۔ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور تحریک تکمیل پاکستان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کی حکومت کا جاندار کردار ناگزیر ہے۔ حکومت آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بیس کیمپ کی حکومت کے جاندار کردار کے لیے ایک جاندار پالیسی اختیار کرنا چاہتی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آزادی کے عظیم مقصد کے حصول کے لیے تما م سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں اور وفاقی سطح پر اس حوالے سے ایک تھینک ٹینک قائم ہو جائے جو خالصتاً تحریک آزادی کشمیر کے لیے پالیسیاں تشکیل دے اور آزاد کشمیر حکومت کے کردار کے تعین کے لیے تجاویز مرتب کرے