یہ یوم یکجہتی آخری ہے،کشمیر اسی سال آزاد ہو جائیگا،بیرسٹر سلطان

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اس دفعہ یوم یکجہتی کشمیر آخری ثابت ہو گا کیونکہ اس سال کشمیری لائن اف کنٹرول کو توڑ کر آزادی حاصل کریں گے اس سلسلے میں سفارتی حمایت حاصل کرنے کے لئے کوششیں کی جانی چاہیں۔ اسی لئے میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانیوں سے کہوں گا کہ وہ اس دفعہ یوم یکجہتی کشمیر ہر جگہ پر منائیں۔ میں اس سلسلے میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مظاہرہ کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرونگا۔اسی طرح میری کال پردنیا بھر میں مقیم پاکستانی و کشمیری نیویارک، لندن، بارسلونا، برلن اور دیگر مقامات پر مظاہرے کریں گے۔

 

پاکستان کے عوام کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرکے یہ ثابت کر دیں کہ نواز شریف کی تو مصلحت ہو سکتی ہے لیکن پاکستان کے اکیس کروڑ عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جس طرح آئے روزبھارت مقبوضہ کشمیر میں  کشمیریوں کو شہید کر رہا ہے۔اسی طرح سیئز فائر لائن کی خلاف ورزیوں میں بھی  اس نے اضافہ کردیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں بھارت کے خلاف سفارتی محاذ پر اعلان جنگ کرکے اسے دفاعی پوزیشن پر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اج یہاں  اسلام اباد میںپی ٹی ائی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بتایا کہ میں کل فرانس کے دورے پر روانہ ہا ہوں۔ اسی طرح دیگر جگہوں پر بھی پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مظاہرے کامیاب کرنے کی کوشش کرونگا۔ تاکہ دوٹوک الفاظ میں اس بات کا اظہار کیا جا ئے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں۔ بھارت جوکہ نواز شریف سے دوستی کرکے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے اسے یہ بھرپور پیغام جائے کہ ہم کشمیری و پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیںاور انکی حمایت اور سفارتی محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت میں وہ ہمت اور صلاحیت موجود ہے کہ پاکستان کی سرحدوں اورلائن اف کنٹرول پر بھارت کی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب ے سکتی ہے۔***