لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت،پاکستان کا ایل او سی سے متصل دیہات خالی کرانے کا اعلان

اوڑی/نوشہرہ(کے پی آئی)لائن اف کنٹرول پر اوڑی اور راجوری کے نو شہرہ سیکٹروں میں بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ اوڑی میںپاکستانی فوج نے لاوڈا سپیکروں پر کنٹرول لائن کے دیہات خالی کرنے کااعلان کیا ۔جس کے بعداوڑی کے سر حدی علاقوں میں افراتفری اور بھاگم بھاگ کی صورتحال پیدا ہو ئی اور 6دیہات میں نقل مکانی کر کے قریب 700لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے۔ ایک روز کے وقفہ کے بعد 12بجے کے قریب سرحدی قصبہ اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ہندو پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو اخری اطلات ملنے تک جاری تھا۔ اس دوران کئی گولے کنٹرول لائن پر واقع تلاواڑی ،بلکوٹ اور سلی کوٹ دیہات میں گرے جس کے بعد لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور قریب 400 افراد نقل مکانی کر کے محفوظ جگہوں پر منتقل ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ دن بھر اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ہندوستان کی ٹیکہ،سلی کوٹ،1مائک،برباد اور رستم چوکیوں اور پاکستان کی خواجہ بانڈی اور سجا واڑ چوکیوں سے گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔ گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی اوڑی کنٹرول لائن پر واقع دیہات چرنڈا ،بٹگراں،تھاجل،تلاواڑی،سلی کوٹ ،بلکوٹ،ہتھ لنگا،موٹھل ، صورہ،سید پورہ،نامبلہ اور گھر کوٹ کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ اس دوران سلی کوٹ، بلکوٹ، تھاجل، چرنڈہ،بٹگراں،تلا واڑی دیہات کے قریب 400 افراد نے نقل مکانی کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق صبح سرحد کے اس پار پاکستانی فوج نے سرحد پر رہنے والے لوگوں کو لاوڈ اسپیکروں پر بستی چھوڑ دینے کا اعلان کیا ۔ کنٹرول لائن پر واقعہ ہتھ لنگا ،موٹھل اورصورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید گولہ باری کے باوجود بھی اوڑی انتظامیہ کا کوئی بھی افیسر ان کا حال جاننے کے لئے علاقے میں نہیں گیا۔ ادھرراجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہواہے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فوج کی فائرنگ او ر گولہ باری کی زد میں اکر بھارتی فوج کا اہلکار زخمی ہواجس کی شناخت سندیپ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہے ۔