پاکستان میں رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر شہریوں میں کوئی تقسیم نہیں ہے:مقررین

حسن ابدال :پاکستان پرامن ملک ہے جہاں تمام شہریوں کو مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی اجازت ہے. پاکستان میں رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر شہریوں میں کوئی تقسیم نہیں ہے. ایسٹر اور بیساکھی میلے کی خوشیوں میں ہم اپنے مسیحی اور سکھ بھائیوں کے ساتھ شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار سرسید ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بیساکھی میلے اور ایسٹر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر سرفراز خان سابق ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر پشاور یونیورسٹی تھے جبکہ ان کے ہمراہ سابق ڈی جی الیکشن کمیشن آف پاکستان راجہ غیاث الدین بلبن۔ معروف دانشور اور محقق نورمحمد نظامی۔ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار پریتم سنگھ اور مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے پال گل اور شرجیل صاحب نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سرفراز خان نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں پر تمام شہریوں کو برابر حقوق دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھائی چارے اور یکجہتی کی زیادہ ضرورت ہے۔پاکستان میں رنگ و نسل کی کوئی تقسیم  ہے اور نہ اس کی کوئی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے کی پاکستان سے محبت اور پاکستان سے وفاداری پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔ راجہ غیاث الدین بلبن نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر سرسید ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے چئیرمین طاہر محمود درانی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی کے حوالے سے ایسے پروگرام منعقد کرنا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب امن کا درس دیتے ہیں اور پاکستان میں ہم سب مل جل کر رہتے آئے ہیں اور آئندہ بھی ہمارے درمیان کوئی تقسیم نہیں آسکتی ۔دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے اندر تمام مذاہب کو مکمل تحفظ دینے اور برابری کے حقوق دینے کا اعلان کیا تھا اور آج بھی پاکستان کے پرچم میں موجود سفید رنگ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کا پرچم اس سفید رنگ کے بغیر اور پاکستانی قوم اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔چئیرمین فاؤنڈیشن طاہر محمود درانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدال میں قومی یکجہتی کی خوبصورت مثال موجود ہے جہاں ایک جانب گردوارہ پنجہ صاحب موجود ہے تو ساتھ ہی مسیح برادری کی عبادت گاہ بھی موجود ہے انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی زور دیتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہمارے ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں نظر آئیں بلکہ ان کی تربیت بھی ایسے انداز میں کی جائے کہ وہ معاشرے کے بہترین شہری کے طور پر اپنی زندگیاں گزاریں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بھی ایسے پروگرام ترتیب دیتے رہیں گے۔تقریب میں بچوں نے خوبصورت انداز میں ٹیبلو اور ملی نغمے بھی پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔