معاشی صورتحال ابتر اور مہنگائی بڑھ رہی ہے:شیخ آفتاب احمد

اٹک: سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کی آواز دبائی نہیں جا سکتی میاں محمد نواز شریف جلد جیل سے باہر آئیں گے پی ٹی آئی والوں کو سمجھ نہیں آرہی ان کے پاس مہنگائی کنٹرول کرنے اور معاشی صورت حال کو سنبھالنے کی صلاحیت نہیں حکمرانوں نے اقتدار میں آتے ہی بھکاری کا روپ دھار لیا اٹک میں ہونے والے کامیاب ورکر کنونشن پر پارٹی کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو آمد کے موقع پر لیگی رہنما ڈاکٹر محمد اشرف بٹ کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ،شیخ ساجد محمود،تیمور شاہ،حامد قدوس بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس کوئی بڑا پروگرام نہیں جس کے تحت وہ کام کرسکیں وہ آج بھی کنٹینر پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں عوام جاننا چاہتے ہیں کہ جی ایس ٹی ٹیکسز کی مد میں اربوں روپے وصول کئے جا رہے ہیں لیکن عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا بلکہ سونامی کی زد میں آکر قوم ذہنی مریض بنتی جا رہی ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع اٹک میں ہونے والے ورکر کنونشن میں ضلع بھر کے علاوہ تحصیل حضرو سے بھی لیگی کارکنان نے بھر پور شرکت کی اور اپنے قائدین سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا جس پر انکے انتہائی مشکور ہیں لیگی کارکنان کی اپنے قائدین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مثال دور دور تک نہیں ملتی۔
