حکومت میں شامل چوروں کا احتساب بھی جلد شروع ہو گا:ایم پی اے پی پی 2 اٹک

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز ویب مانیٹرنگ ڈیسک )پہلی دفعہ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہو ئے کوئی سلیکٹڈ کہے تو ہزار دفعہ کہے۔ نواززرداری اورشہبازشریف مجموعی طورپر 96 ارب ڈالرکے اثاثوںکے مالک ہیں۔ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ لوٹی دولت واپس لیں گے۔ پنجاب میں 32ہزار ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پربغیر رشوت اور آسان طریقوں سے بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔لوگ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس اور بددل ہو چکے ہیں لیکن جلد ہی نئے پاکستان کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے گذشتہ روز اٹک میں ملٹی سٹی براڈ بینڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب ۔ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او صفدر علی، مسعود اختر، سعادت خان، صناور، ملک فاروق، سینیئر صحافی حافظ شہزاد اختر، شیخ ظہور الٰہی سمیت کثیر تعداد میں سیاسی سماجی اور کاروباری شخصیات موجود تھیں۔ یاور بخاری نے کہا اس فائبر ٹو ہوم انٹرنیٹ کی تیز سروس کی اس دور میں اشد ضرورت تھی۔ ہماری آنے والی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع میسر ہوں۔والدین بچوں کے مثبت استعمال کے لیے بچوں پرنظر بھی ضرور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس طوفان کے صرف ہم ذمہ دار نہیں سابقہ حکمران بھی ہیں۔ ہم جلد ہی قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری 38ارب ڈالر، نواز شریف 30ارب ڈالر اور شہباز شریف 28 ارب ڈالر کے اثاثوں کے مالک ہیں جو انٹر نیشنل میڈیا رپورٹ کر چکا ہے ہم ان سے یہ دولت واپس لے کر انہیں ملک بدر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل چوروں کا احتساب بھی جلد شروع ہو گا۔ وہ بھی جیل کی سلاخوں کے پیھے جانے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم صحت اور دیگر شعبوں پر جانفشانی سے کام کر رہی ہے۔ جلد ہی نئے پاکستان کی صبح طلوع ہو گی۔ عوام مایوس نہ ہوں اور نہ ہی اخباری خبروں پر یقین کریں۔ ضمیر فروش صحافی تو پیسے لے کر من پسند خبریں شائع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دور حکومت میں بھرتیوں کے لیے دو لاکھ اور ٹرانسفر کے لیے پچاس ہزار روپے ریٹ مقرر تھا۔ جو اب نہیں ہے۔ اور نہ ہی کوئی کسی کو پیسے دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ اگر کوئی سلیکٹڈ کہتا ہے تو ہزار دفعہ کہتا رہے۔ جب گذشتہ حکمرانوں کو فوج سلیکٹ کر کے لائی تھی تو انہیں جمہوریت یاد نہیں تھی۔ اب الزامات کا وقت ختم ہونا چاہیے ہمیں مل کر نیا پاکستان بنانا ہے۔
