جنڈ/ماڑی:یوتھ ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام جشن آزادی و یکجہتی کشمیر تقریب 

جنڈ( ڈیلی اٹک نیوز ویب) اعوان کونسل آف پاکستان کے سربراہ ، ممتاز سیاسی ، سماجی راہنماء، روزنامہ یلغار لاہور کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر اور معروف صحافی غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم عطیہ خداوندی ہے جس کی حفاظت ، سلامتی اور ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر جاندار اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا ، ہم شہیدوں اور غازیوں کے وارث ہیں ،میں خوش قسمت ہوں کہ رب نے مجھے مولا علی کا خون عطاء کیا ہے اور میری تخلیق شہدا اور غازیوں کی مٹی سے کی گئی ۔ جس پر رب کائنات کا شکر گزار ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنڈ کے نواحی علاقے اور اپنے آبائی گاوں ماڑی میں یوتھ ویلفئیر فاونڈیشن کے زیراہمتام جشن آزادی اور یکجتہی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے نوجوان راہنماء اور سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی ، ممتاز سیاسی شخصیت چیرمین ملک نذر اعوان ، ممتاز ماہر تعلیم سماجی اور علمی شخصیت ملک محمد امین ، ممتاز مذہبی شخصیت حاجی رب نواز ، فاونڈیشن کے چیرمین خالد محمود اور دیگر مقررنین نے خطاب کیا جبکہ وائس چیرمین حافظ عبادت خان نے نظامت کے فرائض انجام دیے ، بچوں نے ملی نغمے پیش کیے ۔ جبکہ ممتاز عالم دین الحاج محمد عالم اور قاری محمد منور نے پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے دعا کرائی تقریب میں اعوان کونسل کے سربراہ نے ماڑی کے عوام سے غریب اور نادار افراد کی عملی مدد کے عطیات دینے کی بھی اپیل کی جس پر ملک نذر اعوان ، اور PTI کے ممتاز راہنماء ملک جاوید ٹھیکدار نے 50، 50 ہزار ، سردار غلام رسول نے 5 ہزار ، جبکہ شرکاء نے دل کھول کر عطیات دیے ۔ اعوان کونسل کے سربراہ نے آئندہ شجرکاری مہم میں پچاس ہزار کے پودے اور یتیم اور نادار بچوں اور بچیوں کی اجتماعی شادی کا ارادہ ظاہر کیا ، جبکہ انکی درخواست پر ممتاز ماہر تعلیم ملک محمد امین نے دس نادار بچوں کی تعلیمی کفالت کی یقین دھانی کرائی ۔ اعوان کونسل آف پاکستان کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی قوم اس وقت ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس کے نوجوان جذبہ ایمانی، حب الوطنی کی دولت سے مالا مال اورانسانی خدمت کے لیے تیار نہ ہوں ، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ماڑی کے نوجوان اور میرے خاندان کے روشن چراغ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے عملی طور پر میدان میں نکل آئے ہیں ، سیاست ، مسلک ، برادری ازم اور تعصب سے پاک آپکا یہ سفر نہ صرف دنیا میں آپکے لیے ، آپکے والدین اور خاندان کے لیے نیک نامی ، صدقہ جاریہ کا سبب بنے گا ، بلکہ قرب الہی ، اطاعت نبوی ؐ ،آخرت میں مغفرت اور بلندی درجات کا سبب بنے گا ، انسان کی قیمتی متاع اس کی جان اور مال ہوتی ہے ، اور ایک اچھا اور نیک مسلمان اپنے مال و جان کے بدلے میں اللہ سے آخرت کا سودا کر لیتا ہے ، انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک کو دنیا کے نقشہ پر ابھرنے والی مملکت پاکستان ایک نور تھا ، اور نور کو کوئی زوال نہیں ہوتا ، جس دیس کے پیچھے مقدس لوگوں کا خون ، جدوجہد اور قربانیاں ہوں اسے کوئی فنا نہیں کر سکتا ، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمیں توفیق دے ہم اپنی تمام توانیاں پاکستان کی ترقی و تعمیر کے لیے خرچ کریں ، کوئی یہ نہ سمجھے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم اکیلے کیا کرسکتے ہیں ، یاد رکھیں ہم سب چلتا پھرتا پاکستان ہیں ، 6 فٹ کی جسامت ، ہمارے گھر ، ہمارے گھر ، ہمارے کاروبار ، ہمارے دفاتر ، ہماری روزگار کی جگہیں یہ سب پاکستان کی چھوٹی چھوٹی ریاستیں اور اکائیاں ہیں ، ہم انہیں درست کرنا شروع کر دیں ، اپنے فرائض نیک نیتی سے ادا کرنا شروع کر دیں تو ہہ پاکستان روشن ، منور اور مستحکم ہوتا چلا جائے گا ، ماڑی یوتھ نے اپنے حصہ کا چراغ روشن کر دیا ، اب ہم سب کو مل کر اس میں دامے درمے سخنے اپنا حصہ ڈالنا ہو گا ۔