بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پرمبنی جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے ۔۔۔میرواعظ
سرینگر31جنوری (کے ایم ایس )
مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پرمبنی جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو سرینگر میں مسلسل اپنی رہائش گاہ پر نظربند ہیں ایک بیان میں نہتے کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی فورسز کی پر تشدد کارروائیوں کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوںکے قتل عام کی آزادی نے دنیا کی سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارت کے دعوﺅں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی اس سوچ سے نہ تو جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل ہو گی اور نہ ہی کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو ترک کر یں گے ۔ میر واعظ نے کہاکہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ز ایکٹ اور ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اورانکے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کو طاقت کے بل پردیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے اور انہیں زبردستی تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے کیونکہ بھارتی قابض انتظامیہ نے حریت قیادت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیر میں چار سو کشت وخون کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوںمیں خوف و عدم تحفظ کا احساس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ لوگ گھروں میں بھی بھارتی فورسز کے قہر سے محفوظ نہیں۔انہوںنے کہاکہ حریت قیاد ت گھروں یا پولیس اسٹیشنوں میں نظربند ہے اور ہمیں شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے بھی جانے نہیں دیا جارہا جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگوںکو احتجاج سے روکنے کیلئے پورے کشمیر خاص طورپر ڈاﺅن ٹاﺅن کے علاقوں کو فوجی قلعے میں تبدیل کردیا گیا ہے اور مواصلاتی رابطوں پر قدغن عائد ہے ۔
ادھر محاذ آزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے ایک بیان میں سانحہ شوپیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ انہوںنے بھارت سے کہاکہ وہ سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیر پا حل کیلئے سازگار ماحول قائم کرے ۔ KMS-04/Y