آزادکشمیر میں ججز کی تعیناتیاں خالصتاً میرٹ پر ہو رہی ہیں،چیف جسٹس

مظفر آباد(وقائع نگار)چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمدابراہیم ضیاء نے کہاہے کہ آزادکشمیر عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں خالصتاً میرٹ پرہورہی ہیں۔ اس میں پسند وناپسند کاکہیں کوئی عنصرشامل نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ انصاف کی جتنی جلد فراہمی ہوگی اتنی جلدی سزااور جزا کاعمل شروع ہوجائے گاجس سے معاشرے میں جرائم کے ارتکاب کابھی خاتمہ ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے جوڈیشل پالیسی کے لیے تجاویز حاصل کی جارہی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دیوانی مقدمات3 سال میں نمٹائے جائیں۔انھوں نے کہاکہ نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کی بڑھ چڑھ کرمدد کرنی چاہیے۔ عدالتوں میں انصاف ہوتانظرآناچاہیے۔ وکلاء حضرات اپنے کیسز کی تیاری میں بھرپورمحنت کریں تاکہ فیصلہ جات میں وکلاء اور عدلیہ کانام روشن ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئرجج جسٹس راجہ محمدسعید اکرم خان نے کہاکہ باراوربنچ کے تعلقات جتنے مضبوط ہونگے اتنی جلدی انصاف کی فراہمی ہوگی ۔ آزادکشمیرسپریم کورٹ میں اس وقت کوئی کیس ججز کی وجہ سے التواء کاشکارنہیں ہے۔ سپریم کورٹ کی کوشش ہے کہ دائرشدہ کیسز پرجلد فیصلہ جات ہوں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج جسٹس غلام مصطفی مغل اور جسٹس سردارعبدالحمیدخان نے کہاکہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کاانصاف کی فراہمی میں بڑااہم رول ہے ۔ ایک مضبوط بار کے بغیرانصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔ انھوںنے چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس چوہدری محمدابراہیم ضیاء کی طرف سے عدالتی نظا م میں اصلاحات لانے اور جلد انصاف کی فراہمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کوزبردست الفاظ میں سراہا۔
