آزادکشمیر کابینہ میں توسیع کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب

مظفرآباد(صباح نیوز)آزادکشمیر کابینہ میں توسیع کے لیے وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج مظفرآباد میں طلب کرلیا۔چار نامزد مشیران میں سے تین نے وزرات مانگ لی۔مشیری لینے سے انکار جبکہ اسد علیم شاہ نے حامی بھرلی ۔ڈاکٹر مصطفی بشیر ،چوہدری شہزاد محمود اور احمد رضا قادری نے وزیر بنانے کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق آج جمعہ کو لوہار گلی ریسٹ ہائوس میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ حکمران جماعت نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم ہائوس،وزیراعظم سیکرٹریٹ یا اور کسی بڑی ریاستی عمارت میں رکھنے کے بجائے شہر سے باہر لوہار گلی کے پرفضا مقام پر رکھا ہے۔اجلاس میں کابینہ توسیع کے امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیراعظم کی کچن کیبنٹ کے مطابق ہائی کمان سے رابطے کے بعد وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ کابینہ میں اضافے کے لیے صرف منتخب ایم ایل ایز کو لیا جائے گاجبکہ خصوصی نشستوں پر اسمبلی میں آنے والے 8ممبران جن میں ٹیکنوکریٹ خواتین ،علما ومشائخ واوور سیز ممبران شامل ہیں کو نہیں لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ہفتے کو کابینہ توسیع کے معاملات کو حتمی شکل دے کر سوموار کو نوٹیفکیشن اور منگل اور حلف برداری کا امکان ہے۔
