مقبوضہ کشمیر: شکیل احمد بٹ بیماری کے سبب سینٹرل جیل سے ہسپتال منتقل ڈاکٹر قاسم فکتو کا طبی معائنہ
سرینگر 13جنوری (کے ایم ایس )
مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹکل موئومنٹ کے غیر قانونی طو ر پر نظر بند رہنما شکیل احمدبٹ کوسنٹرل جیل سرینگر میں سخت عدالت کے بعد تشویش ناک حالت میں سرینگر کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسلسل نظر بندی اور طبی و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب شکیل احمد بٹ کئی عارضو ں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔نہوں نے کہا کہ شکیل احمد بٹ کو چھ ماہ قبل حراست میں لیا گیا تھاا ور تب سے وہ سنٹرل جیل میںنظر بند ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انہیں جمعہ کے روز تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایک ہسپتال لے جایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ اگر شکیل احمد بٹ کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ انہوںنے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ شکیل احمد بٹ اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوںکی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔
دریں اثنا شوکت احمد، ارشد بشیر اور شہنواز احمد پر مشتمل ڈاکٹروں کی ایک تین رکنی ٹیم نے ہائی کورٹ کی ہدایات پر سینٹرل جیل سرینگر جاکروہاں غیر قانونی طور پر نظر بند مسلم دینی محاذ کے سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتوکا معائنہ کیا ۔ ٹیم نے قاسم فکتو کے متعددٹیسٹ تجویز کیے ہیں جس کے بعد انہیں ادویات دی جائیں گی۔ ڈاکٹر قاسم فکتو شوگر، کمر درد اور آنت کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر قاسم فکتو گزشتہ چوبیس برس سے جھوٹے مقدمات کے تحت قید ہیں۔KMS-05/M
