نفسیاتی تجربے کیلئے جدا کیے گئے تین بھائی 20 برس بعد مل گئے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) جانوروں پر تجربات کے بارے میں تو آپ نے سنا بھی ہو گا اور پڑھا بھی ہو گا لیکن انسانوں پر تجربہ شاید ہی سنا ہو گا لیکن امریکا میں تین بھائیوں کو نفسیاتی تجربے کے لئے علیحدہ کر دیا گیا، تقدیر نے انہیں بیس برس بعد ملا دیا۔

اکیس جولائی 1961ء کو نیویارک میں ایک جوڑے کے ہاں تین بیٹوں نے جنم لیا۔ ڈیوڈ، رابرٹ اور ایڈی کو چند دن بعد ایک تجربے فطرت بمقابلہ تربیت کے لئے جدا کر دیا گیا۔

یہ تجربہ ماہر نفسیات ڈاکٹر پیٹر نیوبور کے کہنے پر کیا گیا۔ تینوں لڑکے مختلف گھرانوں کو دیئے گئے، ایک امیر دوسرا درمیانہ اور تیسرا غریب، ڈاکٹر اور اس کی ٹیم ان بچوں سے ملتے رہے اور ان کی پرورش کی نگرانی کرتے رہے۔

اتفاق سے تینوں بھائی 1983ء میں مل گئے۔ تینوں کی فطرت تو ایک طرح کی تھی لیکن مزاج مختلف تھے۔ تینوں بھائی اسے ظالمانہ تجربہ قرار دیتے ہیں، لیکن ڈاکٹر نیوبور شدید تنقید کے باوجود اپنے تجربے کو درست کہتے رہے۔

انہوں نے خطرناک نتائج کے ڈر سے اپنی تحقیق پر رپورٹ شائع نہیں کی اور ان پر بنی ڈاکومنٹری فلم تھری آئیڈینٹکل سٹرینجرز کی 19 جنوری کو امریکا میں نمائش کی گئی۔