مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کیلئے بہت ضروری ہے،ملک سہیل خان کمڑیال

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرائے،جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن و ممبر قومی اسمبلی
پنڈی گھیب(ڈیلی اٹک نیوز) جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن و ممبر قومی اسمبلی ملک سہیل خان کمڑیال نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کیلئے بہت ضروری ہے اور مسئلہ حل نہ ہونے تک خطے میں امن نہیں ہو سکتا۔ جبروتشدد کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ بہادر کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، آئندہ بھی کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے اور کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی ظلم و زیادتی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور آج بھی یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنا ہر لحاظ سے قابل افسوس ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تمام تنازعات کے خاتمے کیلئے بھی کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا اور امن کے لئے ہی خطرہ نہیں، پوری دنیا اس سے متاثر ہے، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے کے امن اور ترقی کے لئے بے حد ضروری ہے۔ پاکستان کے تمام ادارے اور قوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی بردری کشمیریوں سے کئے گئے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے بنیادی حقوق بشمول حق خودارادیت کیلئے اپنی اخلاقی‘ سیاسی اور سفارتی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔ آج پاکستان کے عوام ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اپنے حق خودارادیت کیلئے جرات مندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ آج ہم ان کشمیری بھائیوں کی جرات کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کا پرچم بلند رکھنے اور اپنے وقار اور عظمت کی خاطر قربانیاں دیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اپنے حق کے لئے جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ جموں و کشمیر کے پرامن شہری آج بھی ظلم و زیادتی کا شکار ہیں نہ صرف یہ کہ انہیں حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ ان کے حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے اور انہیں ظلم و زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لیکن تمام تر مظالم کے باوجود انہیں اپنے اس حق خودارادیت کے لئے جدوجہد سے روکا نہیں جا سکا۔ یقیناً مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پر امن حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے ازحد ضروری ہے۔
