حکومت انتقام کی سیاست کو فروغ دینے میں مصروف ہے، شیخ آفتاب احمد

حکومت اہم مسائل کو غیر اہم مسائل پر ترجیح دےکر اپنی رہی سہی ساکھ بھی ختم کر رہی ہے، سابق وفاقی وزیر
حضرو(اٹک نیوز مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت اہم مسائل کو غیر اہم مسائل پر ترجیح دےکر اپنی رہی سہی ساکھ بھی ختم کر رہی ہے پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ تباہ حال معیشت ہے معاشی حالات سے تنگ آ کر لوگ اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں آئے روز میڈیا میں ایسے دلخراش واقعات دیکھنے میں آتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) محمد سلیم شہزاد، تحصیل صدر میاں شاہ نواز شانی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاں راشد مشتاق،ضلعی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ شیخ عواد صفدر، سٹی صدر وقار احمد، جنرل سیکرٹری عماد فیض اور شیخ حامد قدوس بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر انتقام کی سیاست کو فروغ دینے میں مصروف ہے ڈیڑھ سال میں چند افراد کے علاوہ کوئی بھی قابل ذکر فرد سامنے نہیں آیا جس کا احتساب کیا گیا ہو اور جن پر مقدمات قائم کئے گئے ان میں سے کسی ایک پر بھی الزامات ثابت نہیں کئے جا سکے ۔
آج ہر شخص پریشان حال ہے اور حکمران کہتے ہیں عوام نے ہمیں احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عوام نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے سنہرے خواب کی تعبیر کے لئے ووٹ دیا تھا لیکن ان نا اہل حکمرانوں نےعوام کے خوابوں کی تعبیر بننے کی بجائے ان خوابوں کو چکنا چور کر دیاہے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں کسی بھی ملک کی مضبوط معیشت ہی اس ملک کا مضبوط دفاع تصور ہوتی ہے اس لئے میں حکمرانوں سے کہوں گا کہ اپنی سمت درست کر لیں ریونیو میں 287 ارب کا شاٹ فال آئے تو اس کو پورا کرنے کے لیے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے اس کے لئے آپ کو پالیسیاں تبدیل کرنی چاہیے احتساب کے نام پر انتقام کی جھوٹی سیاست سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی بہتری کا سوچیں جن کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں انہیں آپ کب تک احتساب کے نام پر بیوقوف بنائیں گے مسلم لیگ( ن) کے خلاف میڈیا میں باقاعدہ ایک کمپین چلائی گئی جس پر میں اتنا کہوں گا کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور محمد نواز شریف کے بیانیہ پر کھڑی ہے اس لئے کارکن مکمل اطمینان رکھیں اور کسی بھی افوا کا حصہ نہ بنیں ۔
