نوازشریف کیخلاف جگتوفرنٹ کھڑا کرنیکی کوشیں جاری ملک سنجرانیوں کے در پر ڈھیر ہونیوالوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا فاروق حیدر

راولپنڈی(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کے خلاف ایک جگتو فرنٹ کھڑا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جسے غیور مسلم لیگی کارکن ناکام بنا دیں گے۔ووٹ کو عزت دو ہمارا منشور ہو گا جس کا مقصد عوام کا حق حکمرانی بحال کرنا ہے۔کشمیریوں کی تقدیر پاکستان سے وابستہ ہے،ہمارا مستقبل پاکستان کے ساتھ جڑا ہے۔این اے 55 کے بہادر مسلم لیگی شیخ رشید کی بدزبانیوں کا بدلا ووٹ کی طاقت کے ذریعے لیں گے۔نواز شریف کے پاس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت کا پرچم ہے کوئی غیرت مند پاکستانی اس پرچم کو گرنے نہیں دے گا۔پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں ان میں سے ہی ایک خالق جماعت مسلم لیگ کو کمزور کرنا ہے ماضی میں بھی جب مسلم لیگ کو کمزور کیا گیا تھا تو ملک کو نقصان ہوا تھا۔لیپہ ٹنل انشا ء اللہ بنے گی کیونکہ یہ لوگوں کے لیے بے حد ضروری ہے۔مصطفی بشیر عباسی نے بہترین کام کیا ہے۔لیپہ کے مسائل حل کریں گے سکولوں و کالجوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ فائر بریگیڈ کے محکمے کو مضبوط بنایا جائے گا جبکہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے دستیاب فنڈ زمیں سے زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار این اے 55 راولپنڈی میں سید مختار حسین گیلانی کی جانب سے منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں رکن اسمبلی مصطفی بشیر عباسی ،رکن کشمیر کونسل عبد الخالق وصی،سابق ممبر کشمیر کونسل رفاقت حسین اعوان ،ملک منور حسین اعوان،چیئرمیں یو سی 8 راجہ مقصود خان ،صدر لیبر ونگ راجہ سعید،خواجہ ریاض،ایم ایس ایف کے رہنماء خواجہ شہزاد احمد،مشتاق اعوان،حنیف گل،ایڈمنسٹریٹر ضلع باغ راجہ سعید انقلابی ،احسن شیخ، جاوید بٹ،مولوی عتیق احمد اعوان،خواجہ غلام حسین،ملک رشید،رفیق شیخ،عبدالرحیم خان،غلام رسول،ملک عبدالقادر اعوان،منیر میرکے علاوہ یوتھ ونگ،ایم ایس ایف ،لیبر ونگ اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تقریب کے جوش و خروش کو سراہتے ہوے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ راولپنڈی کے مسلم لیگی اپنی اصل فارم میں واپس آ چکے ہیں اب یہاں سے بدزبان شیخ رشید کی خیر نہیں۔انہوں نے کہا کہ سید مختار گیلانی آف لیپہ کو شاندار تقریب پر مبارک باد دیتا ہوں اور تمام مسلم لیگی کارکنوں کے جوش و جذبے پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہیں جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیرتمام تر جبر و استبداد کے باوجود کشمیری عوام سبز ہلالی پرچم سربلند کر رہے ہیں یہ پاکستان،پاکستانی عوام اور پاک فوج کے ساتھ کشمیریوں کی عشق کی حد تک محبت کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس کام میں ہمارے پائہ استقلال میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نواز شریف سے محبت ہے کیونکہ نواز شریف کو کشمیریوں سے محبت ہے کوئی حربہ ہمارے اور نواز شریف کے اٹوٹ تعلق کو کمزور نہیں کر سکتا۔انہوں نے مسلم لیگی کارکنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ڈگمگانے کے لئے سازشیں عروج پر ہیں مگر آپ نے کسی قسم کے پروپیگنڈے میں نہیں آنا ہے اور مسلم لیگ کا پرچم اور نواز شریف کا پوسٹر تھام کر سازشیوں کا ہر بار ناکام بنا دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بڑا جھوٹا شائد آج تک کوئی پیدا نہیں ہوا وہ صبح جسے ووٹ دیتا ہے شام کو اسے گالیاں نکال رہا ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا اب عوام کو کوئی بیوقوف نہیں بنا سکتا وہ سمجھ چکے ہیں کہ اس ملک میں کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کو سی پیک میں معقول حصہ دلوایا جس سے ہمارے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور لوگ خوشحال ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور رہے گا یہ شہر نواز شریف کے متوالوں کا ہے اور آج میں یہاں کارکنوں کی آنکھوں میں جو جوش و جذبہ دیکھ رہا ہوں اس سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ مسلم لیگی پوری طرح تیار ہیں۔راجہمحمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ لیڈروں اور کارکنوں کا پتہ آزمائش میں ہی چلتا ہے اللہ کا شکر ہے کہ اس کے فضل وکرم سے ہمارا لیڈر بھی آزمائش کے اس وقت میں ثابت قدم رہا ہے اور مسلم لیگ ن کا ہر کارکن بھی ڈٹ کر کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہٹا کر پاکستان کو ترقی کے راستے سے ہٹانے کی سازش اور ملک میں سیاسی افراتفری پھیلانا تھا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن اس ملک کے مستقبل کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک سنجرانیوں کے در پر ڈھیر ہو جانے والوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا جن کا نہ کوئی نظریہ نہ کوئی منشور ہو ایسے دم کٹوں کو سیاست کرتے ہوے شرم آنی چاہیے۔راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ مسلم لیگ کا سبز پرچم۔مسلمانوں کا نشان ہے یہ قائداعظم اور مسلمانان ہند کا پرچم ہے اس لئے اس کو کسی صورت میں گرنے نہیں دینا ہے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھیں تاکہ کوئی شیطان ان میں تفرقہ نہ ڈال سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوے رکن اسمبلی مصطفی بشیر عباسی نے قائد پاکستان محمد نواز شریف اور فخر کشمیر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کارکن راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں اور ان کے ایک اشارے پر سب کچھ لٹانے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد اگر کسی علاقے نے ترقی کی ہے تو وہ وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرنے والا خطہ کشمیر ہے۔انہوں نے اس موقع پر اپنے علاقے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔اس موقع پر سید مختار گیلانی ،ملک رفاقت اعوان،ملک منور اعوان،خواجہ غلام حسین،راجہ سعید،ملک رشیداور رفیق شیخ نے بھی خطاب کیا۔