حکمران نااہل، معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے:شیخ آفتاب احمد

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ملک کا ہر طبقہ پریشان حال ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت عوام کی بنیادی ضروریات کی تمام اشیاء مناسب قیمتوں میں با آسانی دستیاب تھیں زرمبادلہ کے ذخائر میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا تھا اسٹاک ایکسچینج ملک کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر تھا لیکن آج ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے عوام مسائل کی دلدل میں پس رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل ملک کامل حیات ، ضلعی رہنما مسلم لیگ ( ن ) طلال اشرف بٹ ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ( ن ) ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، شیخ حامد قدوس ، شیخ عواد صفدر ، تیمور شاہ اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ زرمبادلہ میں تشویشناک کمی واقع ہو چکی ہے معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے اور نااہل حکمران آج بھی صرف الزامات کی سیاست کر کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں اس ملک کی عوام کیلئے محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کسی نعمت خداوندی سے کم نہیں جن کی بدولت ملک میں بے شمار ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوئے موٹروے ، میٹرو بس ، سی پیک ، بجلی ، سوئی گیس ، ہسپتال ، سکول ، کالجز ، یونیورسٹیز ، یہ سب مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کے کارنامے ہیں موجودہ حکومت کو تو ترقی کے سفر پر گامزن ملک ملا لیکن ان نااہل حکمرانوں سے وہ بھی نہیں سنبھالا جا سکا میں ان مقتدر قوتوں کو بھی یہی کہوں گا کہ آپ جن لوگوں کو اقتدار میں لائے ہیں آج دیکھ لیں انہوں نے اس ملک کا کیا حال کر دیا ہے ہم کبھی بھی یہ نہیں چاہتے کہ حکومت کا تختہ الٹا دیا جائے بلکہ ہم کہتے ہیں کہ حکومت اپنے 5 سال ضرور پورے کرے لیکن کم از کم اپنی سمت درست کر لیں اور الزامات کی سیاست سے باہر نکل کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اس ملک کے مفاد کا سوچیں جس کی ترقی کو آپ کی تبدیلی نے تنزلی میں بدل دیا ہے اپنی ہر ناکامی کو سابقہ حکومت پر ڈال کر آپ کب تک اپنی نا لائقی پر پردہ ڈالتے رہیں گے پرانی سکیموں پر اپنے نام کی تختی لگانے سے ملک کی خدمت نہیں ہوتی جس ایمبیسٹی سکیم پر کل آپ نے واویلا مچایا آج اسی کے ذریعہ اپنی بہن کو تحفظ دے رہے ہیں ۔