اٹک: تبدیلی سرکار نے ملک کی معیشت تباہ کر دی :شیخ آفتاب احمد
اٹک:مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکمرانوں کے دعوئوں اور وعدوں پر سوالیہ نشان چھوڑ کر موجودہ حکومت کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے. قوم ورطہ حیرت میں مبتلا ہے کہ جن ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی گئی تھی اس ایک سال میں تو وہ کسی کو نہیں ملی اس طرح اب اگلے چار سالوں میں ہر سال پچیس لاکھ نوکریاں دے کر ہی وعدے کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے دوسری طرف پچاس لاکھ گھروں کا دعویٰ بھی صرف باتوں کی حد تک محدود رہا. پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر اس قدر پابندیاں عائد کر دی گئی کہ وہ قوم کو حقائق سے آگاہ نہ کر سکیں. اس وقت متوسط طبقہ غربت کی سطح پر پہنچ گیا اور حکمران اپنی عادت سے مجبور ہو کر خوشی کے شادیانے بجا رہے اور سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لئے سرکاری ہسپتال بہت بڑی سہولت ہیں اور شہباز شریف نے عوام کی اس سہولت کے پیش نظر پرچی فیس اور لیب ٹیسٹ فری کر دیئے تھے جبکہ تبدیلی سرکار نے وہ نہ صرف بحال کر دیئے بلکہ ان میں خاطر خواہ اضافہ بھی کر دیا. سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اشیاء خورد و نوش میں بے انتہاء اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کا مخدوش ہونا شدید تشویش کی بات ہے. اس ایک سال میں حکومت نے سابقہ حکومتوں کے کاموں پر اپنے نام کی تختی لگانے کا کام بخوبی سرانجام دیا اور مسلم لیگ ن کی حکومت کا عوام کی ریلیف کے لئے جاری کیا گیا ہیلتھ کارڈ کے منصوبے کا کریڈٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو احساس پروگرام کا نام دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کی کوشش کی ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ خود اپنا کوئی بھی عوام کی ریلیف کے لئے منصوبہ جاری نہیں کر سکے. شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہماری مسلح افواج کا دنیا بھر میں نمایاں مقام ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے لیکن جنگ صرف طاقت کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتی اس کے لئے مضبوط معیشت کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے. جبکہ اس وقت ملک کی معیشت کی حالت انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے سابق وفاقی وزیر نے معروف اینکر حامد میر کو حالت جنگ میں باڈر پر جا کر مقامی لوگوں کا موقف دنیا کے سامنے پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا.
