کوروناصورتحال و اقدامات، ملک امین اسلم کی زیرصدارت ڈی سی آفس میں اجلاس

اٹک (بیورو رپورٹ ڈیلی اٹک نیوز) زیر صدارت مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ڈی سی آفس اٹک میں اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک سمیت ضلعی انتظامیہ ، تاجربرادری اور چیمبرآف کامرس کے نمائندگان نے شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر نے وفاقی وزیر کو اٹک میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر اٹک نے ملک امین اسلم کو اٹک میں احساس کفالت پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پورے ضلع میں 21 کے قریب احساس کفالت سنٹر کام کررہے ہیں اور اب تک تقریباً 30 ہزار مستحق خاندانوں میں 37 کروڑ 13 لاکھ روپے کی رقوم تقسیم کی جاچکی ہیں ۔
کرونا ٹائیگر فورس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف تحصیلوں میں ان کی ٹریننگ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ملک امین اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس اس مشکل گھڑی میں حکومت کا ہاتھ بٹائے گی اور ان شاء اللہ اٹک میں بھی بہت جلد ٹائیگر فورس کی لانچنگ تقریب منعقد ہوگی بعدازاں مینا بازار اٹک کے تاجروں نے ملک امین اسلم کو لاک ڈاءون کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے تاجر برادری کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چھوٹے تاجر طبقے کی مشکلات کا احساس ہے اور اسی وجہ سے لاک ڈاءون میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس کیساتھ ساتھ اس وبائی آفت سے نمٹنے کے لیے تاجر برادری کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا انہوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو ہدایت دی کہ تاجر برادری سے میٹنگ کر کے ان کی تجاویز کو بھی ایس او پیز میں شامل کیا جائے ۔
