کشمیریوں کی سفارتی حمایت نظر آنی چاہیے،حکومت تنازع کشمیر کو خارجہ پالیسی کا محور بنائے،آصف زرداری

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے روار کھے جانے والے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ مقبوضہ کشمیر میںتحریک آزادی کو دبانے کیلئے بھارتی حکومت نے تشدد کے  تمام تر ہتھکنڈوں کو آزمانے کے بعد دنیا کے خطرناک ترین ہتھیاروں کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے جو کہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یوم عاشور کے جلوس پر لاٹھی چارج، آنسو گیس اور تشدد قابل مذمت ہے۔ حریت رہنماؤں کو گرفتار کر کے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیاگیاہے پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور میں کشمیریوں کی ہر محاذپر مدد کرنا شامل ہے۔پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے بڑھ چڑھ کر بات کرتی ہے، حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے سفارتخانوں کو کشمیر کے حوالے سے متحرک کرے جنہوںنے خاموشی اختیار کر رکھی ہے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت نظر بھی آنی چاہے خارجہ پالیسی میں جان ڈالی جائے مسئلہ کشمیرکے حل پر توجہ دی جائے اوروسائل کو ضائع نہ کیا جائے جس طرح بھارتی وزیر اعظم نے مختلف ممالک کے دورے کر کے ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی ہیں اس طرح پاکستان کے حکمران بھی باہر نکلیں اور دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان کی پرامن کوششوں کا ساتھ دیا جائے اور خطے میں امن کے لیے بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ بھی امن کا راستہ اختیار کرے، برطانوی ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ آج یہاں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین اور ممبر برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ کی قیادت میں برطانوی کونسلرز کے وفد سے گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، قمرالزمان کائرہ ، چودھری منظور احمد، برطانوی کونسلر سرفراز نذیر، کونسلر ارشد حسین اور لبیر ممبر آزادرشید بھی موجود تھے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی وسفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اس شہ رگ کی حفاظت اپنی جانوں سے بڑھ کر کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پیپلزپارٹی کی ترجیح اول رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم ایک ہے پیپلزپارٹی کشمیریوں کی تحریک آزادی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی ۔ کشمیری عوام نے بے سروسامانی اور بلٹ کے بغیر آزادی کی تحریک کو کامیابی سے چلایا۔ اپنی جانوں مالوں اور عزتوں کی قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری عوام اپنی آزادی کی تحریک میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے کیمیائی ہتھیاروں اور دنیاکے خطرناک ترین ہتھیارپیلٹ گن کااستعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں تمام تر مظالم کے باوجود ناکام ہوچکی ہیں۔ اور اب اس نے اس ناکامی کوچھپانے پر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے نہتے کشمیریوں کو شہید کررہا ہے۔ اور اس نے کنٹرول لائن پر بڑے پیمانے پر بھارتی فوجیوں کو تعینات کر کے جنگ کا سماں پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا بے رحمانہ کھیل خطے کو بدامنی کی  طرف دھکیل رہاہے، اقوام عالم مسئلہ کشمیر کی سنگینی کااحساس کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کریں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کرداراداکریں۔ بھارت کی حکومت خود اقوام متحدہ میں استصواب رائے کیلئے گئی تھی لہذا اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ کشمیر میں استصواب رائے کروائے۔ اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ محترمہ ناز شاہ نے کہا کہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مثبت تبدیلی آئی ہے۔ لیبر پارٹی نے متحرک کردار ادا کیا ہے ہم مسئلہ کشمیر کے پر امن اور دیر پا حل کے لیے پر عزم ہیں۔ہم نے برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر پر بحث کی ہے.انہوں نے کہا کہ تشدد بھی امن کا راستہ ہموار نہیں کر سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جائے اور انہیں فورا بند ہونا چاہیے۔

 

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ،سابق صدر ِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ عالمی برداری کو نوٹس لینا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل حقِ خود ارادیت ہے پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ نواز لیگ کی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر سرد مہری کا شکار ہے۔ان خیالات کا انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ شب زرداری ہاوس میں ان سے ملاقات کی ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے ساتھ آپنی یادوں کا تذکرہ بھی کیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر نواز کھوکھر اور محترمہ رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیںہماری جدوجہد شہید بھٹو کے فلسفہ کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا نواز لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک پر دن بدن قرضے بڑھ رہے ہیں لیکن عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اوچھل کود کی غیر سنجیدہ سیاست نے اپوزیشن کے کردار کو کمزور اور نون لیگ کی حکومت کو واک اور دیا ہے اپوزیشن لیڈر شپ خورشید شاہ کے پاس ہی رہے گی۔ تبدیلی کے خوا ہشمند اپنا شوق پورا کر لیں۔ یہ وقت اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا نہیں بلکہ الیکشن ریفارمز اور انتخابات کی تیاری کا ہے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی اس تبدیلی کے حق میں نہیں۔ ہمیں باقی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ خورشید شاہ نے باوقار اور بھرپور اپوزیشن کی ہے۔ انہوں نے فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد کشمیر میں پارٹی کو دوبارہ منظم و فعال کرنے کی ہدایت کی ۔ فیصل ممتاز راٹھور نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا انشا ء اللہ ہم آپ اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ آمدہ انتخابات م 2018 میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی تنظیم اور کارکنان چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پاکستان بھر میں بلخصوص مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں میں پارٹی امیدواروں کی بھر پورکمپین چلاہیں گے۔