سنجیدگی دکھانے کا وقت آچکا تحریک آزادی بارے اپوزیشن تعاون کرے فاروق حیدر

مظفر آباد(وقائع نگار)آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلا س کے لیے ممبران اسمبلی راجہ جاوید اقبال ،چوہدری مسعود خالد اور محترمہ شازیہ اکبر پر مشتمل پینل آف چیئرمین تشکیل دیا گیا ۔ اجلاس کے دوران قائد ایوان راجہ محمد فاروق حیدر خان ، ممبراسمبلی و سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر کی تحریک پر لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے شہداء ، چکسواری اور مظفرآباد میں وفات پانے والے مختلف افراد کے ایصال ثواب کے لیے ممبر اسمبلی پیر سید علی رضابخاری نے فاتحہ خوانی کروائی ۔ اجلاس کے دوران ''شہداء جموں وکشمیر اور بھارتی افواج کے مظالم سے متاثرہ افراد مقیم جموں وکشمیر کے لیے انڈومنٹ فنڈ آرڈیننس 2017متفقہ طور پر مجلس منتخبہ کے سپر د کر دیا گیا جبکہ'' آزاد جموں وکشمیر لبریشن سیل ترمیمی ایکٹ 2017''کو متفقہ طور پر ایوان میں پیش کرنے کی تحریک بھی منظور کرلی گئی ۔
