ڈی جی ایم اوز کا رابطہ،کنٹرول لائن فائرنگ پرپاکستان کا شدید احتجاج

راولپنڈی(صباح نیوز)کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے سلسلے میں پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستانی ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے سلسلے میں پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ایل اوسی پر بات چیت ہوئی اور پاکستانی ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ بھارت نے 2003 کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت معصوم شہریوں باالخصوص بچوں کو نشانہ بنارہاہے جبکہ پاک فوج ایک پروفیشنل فوج ہے اور لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے ہمارے بھائی ہیں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جس سے شہریوں کی اموات ہوئیں لہذا ایسے اقدامات 2003 کے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے بھارتی فوجیوں کی ایسی جان بوجھ کر کارروائیوں پرگہری تشویش ہے واضح رہے کہ اب تک لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر بھارتی فورسز کی جانب سے آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کی جارہی ہے جس سے اب تک متعدد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
