مقبوضہ کشمیر: پیلٹ لگنے سے بینائی سے محروم ہونے والی انشاء کو میٹرک کا امتحان پاس کرنے پرفریڈم پارٹی کی مبارکباد بارہویں جماعت کے امتحان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پرشہید شمس الحق کی پوتی کوظفر بٹ کی مبارکباد

سرینگر 13جنوری (کے ایم ایس )
مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے پیلٹ لگنے کی وجہ سے بینائی سے محروم ہونے والی انشاء کو میٹرک کا امتحان پاس کرنے پر مبارکباد دی ہے جنہیں پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ نے گود لیاہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انشاء 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریک کے دوران بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوچکی ہیں۔پارٹی رہنما انجینئر فاروق خان کی قیادت میں ایک وفد نے سیدھو شوپیان جاکر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب ایسے آزادی پسند رہنما کی بیٹی ہیں جنہوں نے کبھی مصائب اور مشکلات کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیاہے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ انتہائی ناموافق حالات کے باوجود انشاء اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کا خواب ہے کہ انشاء کو اعلیٰ تعلیم دلائی جائے۔ وفد میںپارٹی رہنما تنویر احمد اور محمد امین بھی شامل تھے۔
دریں اثناء سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شہید شمس الحق کی پوتی میر سعدیہ کے گھر جاکر ان کوبارہویں جماعت کے امتحان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ ظفر اکبر بٹ نے اس موقع پر کہاکہ کشمیری قوم کو ان کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ انہو ںنے شہید شمس الحق، شہید جمال الدین ، شہید علی محمد اور دیگر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم ان کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ KMS-09/S