سینیٹ انتخابات،اسحق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد،آصف کرمانی،عندلیب عباس،ہارون اختر اہل قرار

لاہور(بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینیٹ امیدوار اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی اخراجات کا مصدقہ ڈکلیریشن نہ دینے پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نامزد نمائندے کے ذریعے کاغذات کی جانچ پڑتال کی استدعا کی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کرتے ہوئے ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل آج دوپہر تک ملتوی کردیا تھا۔اسحاق ڈار کے وکیل نصیر بھٹہ ان کے نمائندے کے طور پر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم صوبائی الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسحاق ڈار کے تجویز اور تائید کنندہ کی موجودگی ضروری ہے۔الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کے تائید کنندہ غزالی سلیم بٹ اور تجویز کنندہ منشائاللہ بٹ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے پنجاب میں سینیٹ کے 31 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز تھا۔تحریک انصاف کی امیدوار عندلیب عباس، مسلم لیگ(ن)کے آصف کرمانی اور ہارون اختر کے کاغذات منظور کیے جاچکے ہیں۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بھاری اکثریت کی وجہ سے تمام 12 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا امکان ہے۔ جبکہ بلوچستان سے جنرل نششتوں کیلئے پندرہ امیدواروں کے کاغذات درست قراردیدئیے گئے سینٹ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جنرل نشستوں پر تمام امیدوارون کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کر لی گئی،15امیدواروں میں سے کسی کے بھی کاغذات پر اعتراض نہیں کیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نعیم مجید جعفر کے مطابق سینٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اتوار کو جنرل نشستوں پر کاغذات جمع کرنے والے 15امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔اتوار کو مشیر اطلاعات انوار الحق کاکڑ،حسین اسلام،محمد یوست خان کاکڑ،سردار شفیق ترین کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی مذکورہ امیدواروں کے کاغذات پر کوئی اعتراض داخل نہیں کیا گیا
