نوجوان علم کی شمشیرکو تحریک آزادی کیلئے استعمال کریں،مشتاق منہاس

اسلام اباد (سٹاف رپورٹر) ازاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،ائی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہا س نے کہا ہے کہ نوجوان ابلاغ اور علم کی شمشیر کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کریں۔ مودی سرکار کشمیر کے حوالے سے ظلم وجبر کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس میں اس کی کوشش ہے کہ اس مسئلے کو لیت و لعل کے ذریعے لٹکا یا جائے مگر وہ اپنی کوششوں میں مسلسل ناکام ہو رہی ہے۔پاکستان کی جاندار کشمیر پالیسی،پاکستانی قوم کی بے مثال حمایت اور کشمیریوں کے لازوال عزم نے مسئلہ کشمیر کو اہم ترین مسئلہ بنا دیا ہے جس کو حل کرنے کے سوا کوئی اپشن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ ازاد کشمیر اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور پوری پاکستانی قوم نے اور بیرون ملک پاکستانیوں اور کشمیریوں نے 05 فروری کو جس جذبے اور جوش سے یوم یکجہتی کشمیر منایا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاں OIC کے پلیٹ فورم کو متحرک بناتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنا چاہیے وہاں امریکہ میں پاکستانی اور کشمیری برادری کو بھی اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر امادہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نا مکمل ایجنڈہ ہے جس کی تعمیل اور تکمیل ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کا کہ ازاد کشمیر کی حکومت کشمیر کاز کو اُجاگر کرنے، ازاد کشمیر میں بہترین گورننس قائم کرنے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر اور تعلیمی اور صحت عامہ کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ازاد کشمیر میں چار بڑ ے منصوبہ جات جن میں میرپور، مانسہرہ، ایکسپریس وے، میرپور میں صنعتی زون کا قیام، 720 میگا واٹ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 1124 میگا واٹ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں حکو مت کا فوکس تعلیم پر ہے ازاد کشمیر میں 05 سرکاری جامعات 03 میڈیکل کالجز، اور درجنوں پوسٹ گریجویٹ اور دیگر کالجزبھی موجود ہیں۔ جن میں ازاد کشمیر کے لوگ زیور تعلیم سے اراستہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر ازاد ہو گا اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت مل کر رہے گا۔
