جب ڈرونز نے ریمپ پر جلوے بکھیرے

ہم نے عموماً انسانوں کو ہی فیشن ریمپ پر ماڈلنگ کرتے دیکھا ہے لیکن اب ڈرونز نے بھی ماڈلنگ شروع کردی ہے۔

جی ہاں حال ہی میں منعقد ہونے والے میلان فیشن ویک 2018 میں اطالوی فیشن ہاؤس 'ڈولچے اینڈ گبانا' نے اپنے بیگز کی نمائش کے لیے انسانی ماڈلز کے بجائے ڈرونز کا انتخاب کیا، جہاں ہوا میں اڑتے ڈرونز نے مختلف بیگز لیے ریمپ پر جلوے بکھیرے۔

دی کٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈرونز کی واک سے قبل فیشن شو کے شرکاء سے  اپنے موبائل فونز کا وائی فائی بند کرنے کو کہا گیا تھا تاکہ ڈرونز کی پرواز میں کوئی خلل نہ پڑے۔

شائقین ان ڈرونز کو بیگوں کی نمائش کرتے دیکھ کر اس قدر حیران ہوئے کہ بعض کا کہنا تھا کہ وہ یہ بھول ہی گئے ان ڈرونز کے ہاتھوں میں کسی قسم کے بیگز ہیں، انہیں تو بس ماڈلنگ کرتے ہوئے یہ ڈرون نظر آ رہے تھے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ڈرونز ماڈلز مزید ریمپس پر کب جلوے دکھائیں گے۔