کشمیری ایک مشکل اور صبر آزما دور سے گزر رہے ہیں۔۔۔ میر واعظ

سرینگر 17مارچ ( کے ایم ایس )

مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ م عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی مشکل اور صبر آزما قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہمت ،حوصلے اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ حق پر مبنی اپنی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرانا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پوری قوم تاریخ کے مشکل اور صبر آزما دور سے گذر رہی ہے ، ظلم و زیادتی کا دور دورہ ہے ، بیگناہوں کو ہر روز قتل کیا جا رہا ہے اور نہتے لوگوں کو غیر انسانی حربوں کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ایسے حالات میں اللہ کی طرف رجوع کرکے اس ذات واحد کی مدد و اعانت کے ذریعہ ہی مصائب وآلام سے چھٹکارا ممکن ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے ممتاز آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کے بیٹوں سید شکیل احمد، سید جاوید احمد، سید عبدالوحید،سید عبدالمعید اور دیگر قریبی رشتہ داروںکی پوچھ گچھ اور انہیں ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کوہرگز کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے۔
دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ این آئی اے سید صلاح الدین کے اہلخانہ کو غیر ضرور ی طور پر ہراساں کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے سید صلاح الدین کے ایک بیٹے شاہد یوسف کو گزشتہ کئی مہینوں سے جھوٹے مقدمات میں تہاڑ جیل نئی دلی میں قید کر رکھا ہے اور اب انکے دیگر بیٹوں کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ این آئی اے اب تک شاہد یوسف اور دیگر گرفتار کشمیری حریت رہنماﺅں کے خلاف کچھ ثابت نہیں کر سکا لہذا اب انکے اہلخانہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ سید صلاح الدین کے آبائی علاقے سوئیہ بگ بڈگام کی سول سوساٹی نے بھی بھارتی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ صلاح الدین کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔KMS-03/M