کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ نہیں بلکہ متنازعہ علاقہ ہے:علی گیلانی

سرینگر(کے ایم ایس )مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے مسئلہ کشمیر بارے میں بھارتی لیڈروں کے حالیہ بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور تاریخی حقائق کے منافی قرار دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ دراصل فرقہ پرست بھارتی حکمران اپنے دور اقتدار کو طول دینے کیلئے کشمیر اور پاکستان کے خلاف زیادہ سے زیادہ زہر الود بیانات داغنے کو ہندو ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔سیدعلی گیلانی نے بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اشتعال انگیزحالیہ  بیان جس میں انہوں نے سرحد پار کرنے اور کشمیر کو بھارت کااٹوٹ انگ قراردیا ہے کو حقائق کے خلاف قراردیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ۔ حریت چیئرمین نے طاقت کے نشے میں چور بھارتی وزیر داخلہ اور دیگر لیڈروں کے بیانات کو تیسرے عالمی جنگ کو بھڑکانے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو ان سنگین بیانات کاسخت نوٹس لینے کی اپیل کی۔انہوںنے کہ عالمی برادری کومقبوضہ کشمیرمیںتعینات اٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں کشمیری عوام کی حالت زار کو ان اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں دیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔انہوںنے  جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیرمیںقبرستان کی سی خاموشی قائم کرکے ہر طرح کی پرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائدکر رکھی ہے۔