سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی کو را ؤانوار سے تفتیش جلد مکمل کرنیکا حکم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے نقیب اللہ از خود نوٹس کیس میں جے آئی ٹی کو جلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق  سپریم کورٹ نے نقیب اللہ از خود نوٹس کیس کا 4 صفحات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جاری کرکے کیس نمٹا دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ را ؤانوار کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی گئی ہے۔ عدالت نے را ؤانوار کے بینک اکانٹس بحال کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ نادرا کو ان کا بلاک شناختی کارڈ بھی بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سپریم کورٹ نے راؤ انوار سے تفتیش کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی)کو جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہے کہ جے آئی ٹی بغیر کسی دباؤ اور میڈیا کی خبروں سے مبرا ہوکر قانون کے مطابق شفاف تحقیقات کرے۔عدالت نے تفتیش تک راؤ انوارکا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)میں شامل رکھنے کا حکم دیا ہے جب کہ تحقیقات تک سندھ پولیس کو ملزم کی حفاظت کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ راؤ انوارکی حفاظت کے براہ راست ذمہ دار ہوں گے جب کہ محسود فیملی کے لوگ راؤ انوارکی زندگی کو کسی بھی طرح نقصان نہیں پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوارکی جانب سے 13 جنوری کو کراچی کے ضلع ملیر میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے تھے، بعد میں انہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا، مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی، سوشل میڈیا اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔