موجودہ حکومت نااہل ،مہنگائی کا طوفان ،عوام کا جینا محال ہو چکا:شیخ آفتاب احمد 

اٹک:سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں بہت ساری حکومتیں اور مارشل لاء دیکھے ہیں لیکن موجودہ حکومت جیسی نااہل حکومت نہیں دیکھی جس کا مقصد صرف اور صرف اپوزیشن کو چور اور ڈاکو کہنا ہے لیکن یاد رکھیں آپ کا یہ چورن زیادہ عرصے تک نہیں بکے گا۔ اب بھی آپ ریفرنڈم کرا کر اپنی کارکردگی کا جائزہ لے لیں حقائق سامنے آ جائیں گے۔ ایک سو بیس ارب سے غریب لوگوں کی امداد کے نام پر جس منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے یہ تو درحقیقت نظیر بھٹو کی حکومت میں شروع کیا گیا تھا اور جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو ہم نے اس کے سالانہ بجٹ میں اضافہ کیا تاکہ لوگ اس سے زیادہ مستفید ہو سکیں اس منصوبے پر اب موجودہ حکومت اپنے نام کی تختی لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جو عوام کا جینا محال کر چکا ہے بیرونی سرمایہ کاری میں تاریخ ساز کمی واقع ہوئی ہے۔ ایف بی آر کی رپورٹ قابل تشویش ہے لیکن حکومتی وزراء کا ٹارگٹ صرف اپوزیشن پر تنقید ہے ۔ جب عوام کے بنیادی حقوق سلب ہو رہے ہوں تو پھر تاریخ گواہ ہے لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں اور اپنا حق چھین لیا کرتے ہیں اور ایسے حالات میں کشیدگی سے ملک میں امن و امان کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے۔ لہٰذا میں موجودہ حکومت سے یہی کہوں گا کہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں. میاں نواز شریف مسلم امہ کے عظیم لیڈر ہیں ان کی زندگی اور صحت میں اس کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔