اٹک :کسی پر تنقید کرنا میرا مزاج نہیں ہے ہمیشہ حقائق بیان کئے: شیخ آفتاب 

اٹک : مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ کسی پر تنقید کرنا میرا مزاج نہیں ہے میں حقائق بیان کرکے اس ملک کی غریب عوام کی ترجمانی کا حق ادا کرنے کے ساتھ حکمرانوں کی اصلاح کی کوشش کرتا ہوں اس وقت ملک سنگین معاشی بحران کا شکار ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ حکمرانوں کو اس سے زیادہ فکر اس بات کی ہے کہ کسی طرح شریف خاندان اور زرداری خاندان کو پابند سلاسل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، سٹی صدر شیخ محمود الہٰی بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جمہوریت ہی اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ نہ ہو آج ملاوٹ شدہ جمہوریت کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے بجلی ، گیس ، کھاد سمیت ہر چیز کے نرخ اتنے زیادہ ہو چکے ہیں کہ لوگوں میں قوت خرید ہی نہیں رہی پہلے محمد نواز شریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے کی سزا دی اور اب سی پیک کے منصوبہ کا آغاز کرنے پر سزا دی جا رہی ہے حالانکہ یہ منصوبہ اس خطے میں معاشی انقلاب کی ضمانت ہے ملک زبانی جمع خرچ سے نہیں چلتے اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ وزرائ کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جس ملک میں عوام تیزی سے بڑھتی مہنگائی کے ہاتھوں رو رہے ہوں وہاں وزرائ بیان دیں کہ جلد ہی پان والے بھی ٹیکس دینے کے قابل ہوں گے ایسے بیان لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بڑھتی مہنگائی پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں اور نہ ہی کوئی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تو ایسے حالات میں عوام کو جھوٹی تسلیاں دینا قابل افسوس ہے حکومت عوامی مسائل کے حل عملی اقدامات کرے اور اپنا ٹارگٹ درست سمت میں متعین کرے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک روز بروز پیچھے کی طرف جا رہا ہے اگر حکمرانوں نے عوامی مفاد فلاح و بہبود اور غریب عوام کو دو وقت کی روٹی مہیا کرنے ، بے روزگاری اور مہنگائی کنٹرول کرنے کی پالیسی نہ بنائی اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو عوامی سمندر اس حکومت کو اس کی نااہلی کے سبب خس و خاش کی طرح بہا کر لے جائے گا۔