پارٹی سے غداری کرنے والوں کو ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا :ملک امین اسلم

اٹک :وفاقی وزیر /مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے غریب عوام کو سستے علاج کی سہولیات کیلئے انصاف صحت کارڈ کا اجراء کیا ہے جس کو پورے ملک میں پذیرائی مل رہی ہے اس عوام دوست پروگرام سے وطن عزیز کے لاکھوں کی تعداد میں لوگ مستفید ہو سکیں گے ،سابقہ حکومتوں نے کبھی عوام کے بارے میں نہیں سوچا بلکہ ہمیشہ کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو خون چوس کر اپنی تجوریاں بھری ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے ،وزیر اعظم عمران خان ہمارے ازلی دشمن انڈیا کو آنکھیں دکھا سکتا ہے تو وہ وطن عزیز کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب بھی یقینی بنا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی غورغشتی اور یو سی بہادر خان ،بلدیہ حضرو میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے بعد مختلف تقریبات سے خطاب کے دوران کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ جیتنے والا حادثاتی ایم این اے کہاں ہے اسے باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ وہ آمدہ سیشن بجٹ میں محتاط رہے انہوں نے کہا کہ پارٹی سے غداری کرنے والوں کو ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے ملک امین اسلم نے کہا کہ عمران خان ہی قوم کی آخری امید ہیں مشکل دور ضرور ہے لیکن اس کے بعد عوام کو ریلیف بھی میسر آ ئے گا عوام صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پی ٹی آئی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے اس سے قبل حکومتوں نے ایسا کوئی عوام دوست پروگرام متعارف نہیں کرایا ۔