شائقین کِرکٹ نے ’چنئی ٹیسٹ‘ کو پاکستان کا یادگار میچ قرار دے دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کی گئی پولنگ میں شائقین کرکٹ نے ’چنئی ٹیسٹ 1999‘ کو قومی تاریخ کا یادگار میچ قرار دے دیا۔ پی سی بی کی جانب سے پاکستان کے یادگار ترین ٹیسٹ کے لیے ٹوئٹر اور فیس بک پر پول ڈالا گیا۔ تین روز تک جاری رہنے والی پولنگ ٹوئٹر پر 1 لاکھ 9 ہزار افراد تک پہنچی جب کہ فیس بک پر اس کی ریچ 10 لاکھ 20 ہزار رہی۔ پی سی بی کی جانب سے تین روزہ پولنگ میں 15 ہزار 847 شائقینِ کرکٹ نے ووٹ دیئے۔ سب سے زیادہ 65 فیصد شائقین نے 1999 میں ہونے والے چنئی ٹیسٹ کے حق میں ووٹ دیئے، بنگلور ٹیسٹ 1987 کو 15 فیصد ووٹ ملے، اوول ٹیسٹ 1954 کو 11 فیصد اور کراچی ٹیسٹ 1994 کو 10 فیصد ووٹ ملے۔ خیال رہے کہ 1999 میں بھارتی شہر چنئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے ثقلین مشتاق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کی دونوں اننگز میں 5، 5 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔