اٹک، اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے کرسمس کے موقع پر تحائف تقسیم

قوم مسیح برادری کی خوشیوں میں شامل ہے،یہاں ہر مذہب کے افراد آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال
حسن ابدال/ جنڈ/ حضرو:ضلع بھر کی مختلف تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کئے، تفصیلات کے مطابق کرسمس کی خوشیوں میں پوری قوم مسیح برادری کے ساتھ شامل ہے۔پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق دیے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں ہر مذہب کے افراد آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر عدنان انجم راجہ نے ایم سی آفس میں کرسمس کا کیک کاٹنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروقار تقریب میں مسیح برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایم سی افسران اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔
تقریب میں ننھے بچوں نے بھی شرکت کرتے ہوئے اپنی عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے ۔اس موقع پر ملک و قوم کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی جبکہ مسیح برادری کے چیئرمین کی جانب سے ایم سی انتظامیہ کا پروقار تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا گیا۔بعدازاں گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عدنان انجم راجہ نے مسیح برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی۔
