مسلم لیگ ( ن ) اپنے قائد محمد نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہے،شیخ آفتاب احمد

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

 آرمی ایکٹ اور نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے جو ابہام پیدا کیا جا رہا ہے وہ حقائق کے برعکس ہے، سابق وفاقی وزیر

اٹک :سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ آرمی ایکٹ اور نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے جو ابہام پیدا کیا جا رہا ہے وہ حقائق کے برعکس ہے پوری مسلم لیگ ( ن ) اپنے قائد محمد نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہے یہ تاثر 100 فیصد غلط ہے کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کا بیانیہ الگ الگ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، تحصیل صدر میاں شاہنواز شانی ، سٹی صدر شیخ محمود الہٰی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ شیخ عواد صفدر ، سٹی جنرل سیکرٹری عماد فیض ، شیخ حامد قدوس ، سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان ، مرکزی سینئر وائس چیئرمین فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان صوفی فیصل بٹ اور دیگر موجود تھے۔

 

 شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی زندگی کا طویل سفر اس خاندان کے ساتھ گزارا ہے اور میں مکمل اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ ابہام پیدا کیا ہے حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہم سب اپنے قائد کے موَقف ’’ ووٹ کو عزت دو ‘‘ کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے جب مشرف مارشل لاء میں شریف خاندان نے مجھے اور خاندان کو عزت دی اور ایک سال میرے گھر میں قیام پذیر ہو کر ہ میں اعزاز بخشا تب اس خاندان کے شب و روز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا جس سے میں مکمل یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ دونوں بھائیوں کے درمیان اختلاف رائے تو ہو سکتا ہے لیکن حتمی فیصلہ بڑے بھائی محمد نواز شریف کا ہی ہوتا ہے اور محمد شہباز شریف نے ہمیشہ اپنے بڑے بھائی کے فیصلے پر آمین کہا ہے انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو اپنی قیادت کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے اور ایسے بحث و مباحثہ میں الجھنے کے بجائے ’’ ووٹ کو عزت دو ‘‘ کے موَقف پر ہی اپنے قائد کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنا ہے ۔