پنڈی گھیب، کھڑپہ ڈھوک ریحان میں ’’باربلا‘‘ مقابلہ، موٹر سائیکل انعام

تحصیل جنڈ یوسی لنگر کے گائوں چورہ شریف سے تعلق رکھنے والے سعید اعوان چوراہی گروپ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے موٹرسائیکل جیت لیا
پنڈی گھیب( صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز ویب)تحصیل پنڈی گھیب کی یونین کونسل کھڑپہ کی ڈھوک ریحان ملک نور رحمت کی فرزندملک محمد رمضان کی شادی خانہ آبادی کے موقع پر روایتی رقص ’’باربلا‘‘ کے مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں پہلا انعام موٹر سائیکل ،دوسرا ، تیسرا اور چوتھا انعام سونے کا لاکٹ تھا۔ اس مقابلے میں چار ٹیموں نوید گروپ (کسراں) تحصیل پنڈی گھیب، سعید اعوان (چوراہی گروپ) چورہ شریف تحصیل جنڈ، عبدالرئوف جلوال گروپ ، جلوال تحصیل جنڈ، اویس جسیاں لجپال گروپ تحصیل اٹک نے حصہ لیاجبکہ اتحاد ڈھول شنائی گروپ (گلی جاگیر) بھی ہمراہ تھا۔
’’بار بلا‘‘ مقابلے میں پہلی پوزیشن سعید اعوان چوراہی گروپ نے حاصل کی اور موٹر سائیکل انعام اپنے نام کر لیا ،دوسری پوزیشن اویس جسیاں لجپال گروپ کی بار بلا ٹیم نے، تیسری پوزیشن پر نوید گروپ کسراں اور عبدالرئوف جلوال گروپ کی ٹیم برابر تھیں لیکن فیصلہ ٹاس پر کیا گیا جس میں تیسری پوزیشن کسراں جبکہ چوتھی پوزیشن جلوال کی بار بلا ٹیم حقدار ٹھہری ۔دوسری ، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو سونے کا لاکٹ انعام دیا گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں شائقین سردی کی یخ راتوں میں بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے تھے اور شائقین کی طرف سے بھی نظم و ضبط کا بہترین مظاہرہ کیا گیا۔
