جماعت اسلامی کی اٹک شہر میں مہنگائی، کرپشن کے خلاف ریلی

جماعت اسلامی کی اٹک شہر میں مہنگائی، کرپشن کے خلاف ریلی

 ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان ،امیر زون خالد محمود اور امیر شہر میاں محمد جنید نے کی 

اٹک (ڈیلی اٹک نیو ز ویب) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی کال پر ملک بھر کی طرح اٹک شہر میں جماعت اسلامی نے مہنگائی اور کرپشن کے خلاف بڑی ریلی نکالی ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان ،امیر زون خالد محمود اور امیر شہر میاں محمد جنید نے کی ریلی کا آغاز مرکزی جامع مسجددارالسلام سے ہوا شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے ریلی میجر طاہر روڈ سے ہوتی ہوئی اٹک راولپنڈی مین روڈ پر آگئی جہاں ریلی نے احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر لی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے وہ نان شبینہ کو ترس گئے ان کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں حکمرانوں نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا اور گمراہ کیا بحرانوں پر بحران پیدا ہو رہے ہیں یہ گڈ گورنس نہیں ہے ۔

 

سپریم کورٹ آف پاکستان آٹا ، چینی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف نوٹس لیں کل بھی ملک پر ظالموں اور جاگیر داروں کی حکومت تھی اور آج بھی لینڈ ، شوگر اور ڈرگ مافیا حکومت کر رہا ہے آٹے اور چینی کا بحران انہی کا پیدا کردہ ہے حکمرانوں نے گندم باہر بھجوا دی جس سے آٹے کا بحران پیدا ہوا ملک پر نا اہل لاڈلوں اور شہزادوں کی حکومت ہے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے ورنہ کثیر تعداد میں لوگ احتجاج کے لئے سڑکوں پر ہوں گے مظاہرے سے امیر زون خالد محمود ،امیر شہر میاں محمد جنید ،گروپ لیڈر اقبال ملک ،سابقہ کونسلر شہاب رفیق ملک اور نائب امیر ضلع مولانا نعیم اللہ نے بھی خطاب کیا ۔