سماج دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون ضروری ہے،محمد عرفان بلوچ

عوام نشاندہی کریں کاروائی کرنا ہمارا فرض ہے، ایس ایچ او تھانہ صدر حسن ابدال
حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)سماج دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔عوام نشاندہی کریں کاروائی کرنا ہمارا فرض ہے۔ان کے جان و مال کا تحفظ ہی ہماری ڈیوٹی ہے جس کے لیے پوری ایمانداری سے کام کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار تھانہ صدر حسن ابدال میں تعینات ہونے والے ایس ایچ او محمد عرفان بلوچ نے پریس کلب تحصیل حسن ابدال کے ممبران سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حسن ابدال پر امن علاقہ ہے مگر اس کے باوجود سماج دشمن عناصر ہر جگہ موجود ہوتے ہیں۔
۔ جن کے خاتمے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف بھر پور انداز میں کاروائی کی جائے گی اور کسی کو نوجوان نسل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں ایسے عناصر کی لسٹ تیار کی جا رہی ہے اور بہت جلد گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان بڑھتے فاصلے کم کرنے کے لیے عوام کا اعتماد بحال کیا جائے گا اور پوری دنیا کی طرز پر فرینڈلی پولیسنگ کے ذریعے ایسا ممکن ہے جس میں عوام اور پولیس مل کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے لیے کام کرتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس پر اعتماد کرتے ہوئے ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔
