جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد کو روکا جائے، انجلینا جولی کا مطالبہ

بیلجیئم: ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر انجلینا جولی نے نیٹو سے جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد کو روکنے کا مطالبہ کردیا۔
برسلز میں نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر ملٹری کمانڈرز سے ملاقات کے دوران انجلینا جولی نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں اور خواتین پر جنسی تشدد، تصادم کو مزید بڑھاوا دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا برا ہے، جنگ میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد سے نمٹنے کے لیے مدد کی جائے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح نیٹو نے خواتین کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششوں کو وسیع کیا ہے، ویسے ہی جنگ زدہ علاقوں میں خواتین پر جنسی تشدد پر بھی قابو پایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے انجلینا جولی نے شامی مہاجر کیمپوں کے دورے کے دوران بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اس سے قبل اینجلینا جولی میانمار کی ریاست رخائن میں روہنگیا خواتین پر کیے جانے والے مبینہ جنسی تشدد کی بھی شدید مذمت کرچکی ہیں۔
